عروہ حسین کا اعجاز اسلم کے بیان پر اظہار افسوس

سینئرز کو سمجھنا چاہیے ان کی چھوٹی غلط بات بھی جونیئرز کی ذہنی صحت اور کیریئر کو خراب کر سکتی ہے، اداکارہ

ہفتہ 14 مئی 2022 12:33

عروہ حسین کا اعجاز اسلم کے بیان پر اظہار افسوس
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2022ء) معروف اداکارہ عروہ حسین نے سینئر اداکار اعجاز اسلم کی جانب سے اپنے حوالے سے سنی سنائی باتوں کو ٹی وی سکرین پر کرنے پر اظہار افسوس کیا ہے۔اعجاز اسلم نے کچھ دن قبل دی کپل شو میں کہا تھا کہ انہوں نے سن رکھا ہے کہ عروہ حسین کا شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں اور ہدایت کاروں سے رویہ ٹھیک نہیں ہوتا۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے خود ایسی کوئی بات نہیں دیکھی اور نہ ہی انہوں نے عروہ حسین کے ساتھ کبھی کام کیا ہے مگر انہوں نے ان سے متعلق کچھ غلط باتیں سن رکھی ہیں۔اعجاز اسلم کے مطابق انہوں نے سن رکھا ہے کہ عروہ حسین نے ایک بار ایک ہدایت کار کو بھی جھاڑ پلادی تھیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ اگر عروہ حسین سے متعلق مذکورہ باتیں درست ہیں تو انہیں اخلاقیات سیکھنے کی ضرورت ہے، تاہم وہ یقینی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ مذکورہ باتیں سچی ہیں۔

(جاری ہے)

اعجاز اسلم کے مذکورہ بیان کے بعد اب عروہ حسین نے ان کی باتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام سینئرز کی عزت کرتی ہیں اور ساتھ ہی وہ ان کی رائے کا احترام بھی کرتی ہیں، تاہم وہ یہ بھی امید رکھتی ہیں کہ سینئر کو بھی بولتے وقت جونیئرز کے جذبات، احساسات اور کام کا خیال رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سینئر کو سوچنا چاہیے کہ جونیئرز کے حوالے سے بات کرتے وقت ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سینئرز کو سمجھنا چاہئے کیوں کہ ان کی ایک چھوٹی سی غلط بات بھی دوسروں کی ذہنی صحت اور کیریئر کو تباہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے اعجاز اسلم کا نام لکھے بغیر کہا کہ یہ سچ ہے کہ وہ اپنے پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کے ساتھ تخلیقی بحث کرتی ہیں اور انہیں یہ معلوم نہیں کہ ان کی بحث ڈراما سازوں کو ناگزیر لگتی ہے۔اداکارہ نے بیان میں کہا کہ انہوں نے خود پر تنقید کرنے والے شخص کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا اور نہ ہی وہ ان سے متعلق مزید کوئی رائے رکھتی ہیں۔عروہ حسین نے دی کپل شو کے میزبانوں آغا علی اور حنا الطاف کی تعریف کی کہ وہ اعجاز اسلم کی جانب سے کہی گئی باتوں پر نہیں گئے اور نہ ہی انہوں نے ان کا ساتھ دیا۔
وقت اشاعت : 14/05/2022 - 12:33:33

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :