دپیکا کے ’فی امان اللہ‘ کے الفاظ سے مزین خوبصورت ہار کی سوشل میڈیا پر دھوم

دپیکا پڈوکون نے ’کانز فیسٹیول‘ میں عرب اور جدید روایات کے مظہر لباس اور جیولری زیب تن کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیئے

پیر 23 مئی 2022 11:42

دپیکا کے ’فی امان اللہ‘ کے الفاظ سے مزین خوبصورت ہار کی سوشل میڈیا پر دھوم
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) بالی وڈ کی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے ’کانز فیسٹیول‘ میں عرب اور جدید روایات کے مظہر لباس اور جیولری زیب تن کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیئے اور بالخصوص ہار کے ایک پتھر پر فی امان اللہ کے الفاظ کندہ ہونے نے صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 28 مئی تک جاری رہنے والے کانز فیسٹیول میں دپیکا پڈوکون جہاں جیوری کا حصہ ہیں وہیں مختلف برانڈز کی تشہیر کے لیے فوٹو سیشن بھی کرا رہی ہیں۔

ایسے ہی ایک فوٹو سیشن کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔اس فوٹو سیشن میں دپیکا نے موتیوں اور مختلف رنگ کے پتھروں پر مشتمل ہار پہن رکھا ہے۔ ہار کے ایک شفاف پتھر پر فی امان اللہ کے الفاظ کندہ ہیں جس کا ترجمہ ہے ’’اللہ کی امان میں رہیں‘۔

(جاری ہے)

ان الفاظ کو زوم کرکے دیکھا جا سکتا ہے۔کسی مداح نے ہار کو زوم کرکے پتھر پر کندہ الفاظ کی تصویر کو وائرل کردیا جو جنگل کی آگ کی طرح تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پھیل گئی اور صارفین نے تعریفوں کے پٴْل باندھ دیئے۔

یہ ہار سابیا ساچی نے قدیم بھارت کی مہارانیوں کے زیورات کی طرز پر تیار کیا تاہم اس میں مشرق وسطیٰ اور عرب ثقافت کو بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس ہار میں موتی، ہیرے اور پتھر جڑے ہیں اور انہی میں سے ایک شفاف پتھر پر فی امان اللہ کندہ ہے۔بالی وڈ کی اداکارہ کترینہ کیف نے بھی معروف ڈیزائنر سابیا ساچی کا تیار کردہ عروسی جوڑا اور جیولری پہنی تھی جب کہ مریم صفدر کے بیٹے جنید صفدر کی اہلیہ کا عروسی لباس بھی سابیا ساچی نے ڈیزائن کیا تھا۔ کانز میلے میں امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، بھارت اور پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کی اداکارائیں بھی جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔
وقت اشاعت : 23/05/2022 - 11:42:54

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :