میڈونا کی ٹیکساس سکول فائرنگ کے واقعے کی مذمت

میں اس درد ،تکلیف بارے سوچ بھی نہیں سکتی جو19بچوں کے والدین کوملا ہوگا، ہمیں ان لوگوں تک اسلحے کی رسائی کو کم کرنے کی ضرورت ہے جو خود کو یا دوسروں کو نقصان پہنچا سکتے ہوں،امریکی گلوکارہ

جمعہ 27 مئی 2022 16:27

میڈونا کی ٹیکساس سکول فائرنگ کے واقعے کی مذمت
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) معروف امریکی گلوکارہ میڈونا نے ٹیکساس کے ایک سکول میں 19 بچوں اور 2 اساتذہ کے قتل کے ہولناک واقعے کی مذمت کی ہے۔میڈونا نے انسٹاگرام پر امریکی ریاست ٹیکساس میں ہونے والے اسکول فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرنے کے لیے ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی ہے۔انہوں نے اپنے انسٹا گرام اکاونٹ پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک تفصیلی نوٹ بھی لکھا ہے۔

انہوں نے اپنے تفصیلی نوٹ میں لکھا ہے کہ میں اس درد اور تکلیف کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی جوکہ ان 19 بچوں کے والدین کوملا ہوگا۔انہوں نے لکھا کہ میرے بچے پرائمری سکول میں ہیں اور اگر وہ ایک دن اس طرح اسکول سے گھر نہیں آتے تو مجھے نہیں لگتا کہ میں زندہ رہ سکتی ہوں۔انہوں نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک 18سالہ لڑکا جو خود ایک بچہ ہے، اپنی سالگرہ کے موقع پر 2رائفلز خرید سکتا ہے، وہ بھی بغیر کسی حفاظتی تربیت اور جانچ پڑتال کے۔

(جاری ہے)

میڈونا نے لکھا کہ انسٹا گرام اور فیس بک پر اس حوالے سے ان گنت انتباہی پوسٹس شیئر کی گئیں جس میں فائرنگ کے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا گیا تاہم کسی نے توجہ نہیں دی۔انہوں نے لکھا کہ ہمیں ان لوگوں تک اسلحے کی رسائی کو کم کرنے کی ضرورت ہے جو خود کو یا دوسروں کو نقصان پہنچا سکتے ہوں۔انہوں نے لکھا کہ ہمیں بندوق کے مالکان کیلئے حفاظتی تربیت کو لازمی قرار دینا چاہیے، بالکل اسی طرح جیسے کہ ہم لوگوں سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے پہلے ڈرائیونگ سیکھنے اور پھر ٹیسٹ پاس کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔کتنی المناک بات ہے کہ ہم تمام بچوں، تمام انسانوں کو گن وائلنس سے محفوظ رکھنے کے لیے بھیک مانگنی پڑتی ہے۔
وقت اشاعت : 27/05/2022 - 16:27:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :