جونی ڈیپ نے سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا

جمعرات 2 جون 2022 19:18

جونی ڈیپ نے سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا
ورجینیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2022ء) ہالی ووڈ کے معروف اداکار جونی ڈیپ اور ان کی سابقہ اہلیہ امبر ہرڈ کے کیس کا فیصلہ سامنے آگیاہے۔فیصلے کے مطابق امبر ہرڈ بڑی مجرمہ اور جونی ڈیپ چھوٹے مجرم قرار دیئے گئے ہیں‘100 ملین ڈالر ہرجانے کے جونی ڈیپ بمقابلہ امبر ہرڈ ہتک عزت کے مقدمے میں سابقہ میاں بیوی ایک دوسرے کو بدنام کرنے کے مجرم قرار پائے۔

غیر ملکی میڈیارپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ کے معروف اداکار جونی ڈیپ نے اپنی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا ہے۔جونی ڈیپ بمقابلہ ایمبر ہرڈ ہتک عزت کے مقدمے میں سات ہفتوں کے بمشکل ٹرائل کے بعد امریکی ریاست ورجینیا کی جیوری نے جونی ڈیپ کے حق میں فیصلہ سنا تے ہوئے ایمبر ہرڈ کو حکم دیاہے کہ وہ جونی ڈیپ کو 15 ملین ڈالر کا ہرجانہ ادا کریں۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی جونی ڈیپ بھی ایمبر ہرڈ کو 2 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کریں گے جو اداکارہ اپنے سابق شوہر کے خلاف مقدمے میں مانگ رہی تھیں۔واضح رہے کہ ایمبر ہرڈ کی جانب سے 11 اپریل کو ورجینیا میں جونی ڈیپ کے خلاف شروع ہونے والے ہتک عزت کے مقدمے میں ایک دوسرے پر جسمانی اور جذباتی زیادتی کے الزام لگائے گئے تھے۔جونی ڈیپ نے اپنی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ پر 50 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کیا تھا جس کے بعد ہرڈ نے اداکار کے خلاف 100 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کردیا تھا اور دونوں کا دعویٰ تھا کہ انہیں بدنام کیا گیا ہے۔

تاہم دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بننے والے اس کیس میں جونی ڈیپ نے اپنی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا ہے جس کے بعد اداکار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ‘جیوری نے مجھے میری زندگی واپس دی،سچائی کبھی ختم نہیں ہوتی’۔یاد رہے کہ اداکارہ ایمبر ہرڈ نے شوہر جونی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں جبکہ ڈیپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایمبر بہت جھگڑا کرتی تھی جس نے بوتل مار کر ان کی انگلی کاٹ دی تھی۔
وقت اشاعت : 02/06/2022 - 19:18:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :