کیا عالیہ بھٹ اٴْمید سے ہیں! مداحوں کی قیاس آرائیاں

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے رواں سال 14اپریل کو شادی کی تھی

منگل 28 جون 2022 12:15

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2022ء) بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس سے انٹرنیٹ صارفین بیک وقت انتہائی خوش ہونے کے ساتھ ساتھ قیاس آرائیاں بھی شروع کردی ہیں۔عالیہ بھٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہیں ہسپتال کے بستر پر لیٹے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ان کے شوہر مایہ ناز اداکار رنبیر کپور بھی اس تصویر میں دیکھے جا سکتے ہیں تاہم ان کی صرف پیٹھ نظر آ رہی ہے۔

اس تصویر میں ان کے سامنے الٹراساؤنڈ مانیٹر ہے جس پر کو ’دل‘ کی تصویر سے چھپا دیا گیا ہے لیکن اس تصویر سے کہیں زیادہ دراصل اس کا کیپشن دلچسپ تھا جس نے انسٹا گرام صارفین کی توجہ حاصل کی اور انہیں قیاس آرائیوں پر مجبور کردیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد انہوں نے ایک اور تصویر پوسٹ کی جس میں ایک شیر، شیرنی اور ان کے بچے کو دیکھا جا سکتا ہے جس سے فلم بینوں اور سپراسٹار جوڑی کے مداحوں کو کافی حد تک یقین ہو گیا کہ عالیہ بھٹ امید سے ہیں اور جلد ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

اس کے بعد عالیہ بھٹ کے اہلخانہ اور دیگر فنکاروں کی جانب سے پوسٹ پر تبصرے اس بات پر مہر ثبت کرتے ہیں کہ اداکارہ کی یہ پوسٹ واقعی ان کے ماں بننے کے حوالے سے ہے۔عالیہ کی والدہ سونی رازدان نے لکھا کہ شیر ماں اور باپ کو مبارکباد دیتی ہوں جبکہ رنیبر کی بہن ردھیما نے بھی اس جوڑی کو مبارکباد دینے میں دیر نہ کی۔اس کے علاوہ کرن جوہر، کرشمہ کپور، پریانکا چوپڑا، کریتی سینن، شریا گھوشال، سونالی بیندرے، پرینیتی چوپڑا سمیت فلمی دنیا کے بڑے بڑے اسٹارز نے انہیں مبارکباد دی۔

تاہم جہاں ایک جانب لوگ اس جوڑے کو مبارکباد دے رہے ہیں تو دوسری جانب افواہوں کا بازار بھی گرم ہے اور کچھ مداحوں کا ماننا ہے کہ یہ پوسٹ دراصل عالیہ اور رنبیر کی آنے والی فلم کی تشہیر کا ایک طریقہ ہے۔عالیہ اور رنبیر 300 کروڑ بجٹ سے بننے والی فلم ’براہ مسترا‘ میں امیتابھ بچن کے ہمراہ جلوہ افروز ہوں گے اور یہ فلم 9ستمبر کو ریلیز ہو گی۔

تین، تین مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ جیتنے والے رنبیر اور عالیہ رواں سال 14اپریل کو ایک سادہ اور پروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔دونوں کے درمیان افیئر کی افواہیں اس وقت زور پکڑ گئی تھیں جب 2018 میں دونوں نے ایک ساتھ سونم کپور کی شادی میں شرکت کی تھی اور اس کے بعد ڈیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا تھا جس کے بعد اس سال دونوں نے شادی کر لی تھی۔
وقت اشاعت : 28/06/2022 - 12:15:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :