آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں لالی وڈ فلم ”لفنگے“ کے ٹریلر لانچ کی تقریب کا انعقاد

تقریب میں شوبز شخصیات نے بھرپور شرکت کی، فلم عیدالاضحی پر سینما گھروں کی زینت بنے گی

منگل 28 جون 2022 16:50

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں لالی وڈ فلم ”لفنگے“ کے ٹریلر لانچ کی تقریب کا انعقاد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جون۔2022ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ڈراﺅنی اور مزاح سے بھرپور فلم ”لفنگے“ کا ٹریلر جاری کیا گیا، تقریب میں شوبز شخصیات نے بھرپور شرکت کی، فلم عیدالاضحی پر سینماﺅں کی زینت بنے گی، فلم میں سمیع خان، نازش جہانگیر، سلیم معراج، سلمان ثاقب (مانی)، مبین گبول، بہروز سبزواری، گل رانا، اسماعیل تارا، طارق حبیب رند، وقار علی گودرا اور چائلڈ اسٹار حورین کے علاوہ معروف اداکار مرحوم سہیل اصغر اور مرحوم رشید ناز جو فلم کی تیاری کے دوران انتقال کر گئے تھے بھی اس فلم میں اپنے آخری کردار میں نظر آئیں گے۔

فلم کی کہانی کراچی میں قائم ان چار خوش نصیب لفنگے نوجوانوں کی زندگیوں کے گرد گھومتی ہے جو پراسرار گھر میں ایک رات گزارنے کی ہمت کرتے ہیں، سمیع خان، سلیم معراج، سلمان ثاقب عرف مانی اور مبین گبول اپنے قیام کے دوران قدرتی اور مافوق الفطرت مخلوقات کا سامنا کرتے ہیں لیکن وہ ڈٹے رہتے ہیں

، فلم میں اسپیشل ایفیکٹس دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز ہوں گے، لفنگے کے مصنف اور ہدایت کار عبد الخالق خان نے کہاکہ ہماری فلم تہواروں کے موسم میں اپنی بنیاد کھڑی کرنے کے لیے کافی اچھی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں حالیہ برسوں میں زیادہ ڈراﺅنی کامیڈی فلمیں نہیں بنائی گئیں اسی لیے ہم نے ایک ایسی صنف کو بحال کرنے کا انتخاب کیا جو دنیا بھر میں کافی مقبول ہے۔ انہو ں نے کہاکہ اس فلم میں ملک کے سینئرز اور ابھرتے ہوئے ستاروں کو آگے لایا گیا ہے جنہیں بڑے پردے کے لیے فلمیں کرنی چاہئیں۔ پروڈیوسر طارق حبیب رند نے کہاکہ ہمیں پورا بھروسہ ہے کہ فلم کامیاب ہو گی،یہ ایک مکمل مصالحہ فلم ہے، مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جنہوں نے بہت محنت اور لگن سے کام کیا ہے امید ہے فلم سب کو پسند آئے گی، اداکار سلمان ثاقب (مانی) نے کہاکہ بڑی عید پر کچھ نیا لے کر آرہے ہیں یہ فلم کامیڈی کے ساتھ ساتھ ڈراﺅنی بھی ہے، فلم خاص طور پر پاکستانی نوجوان لڑکوں کے لیے ہے۔

فلم کے ڈائریکٹر عبدالخالق خان اور پروڈیوسر طارق حبیب رند ہیں جبکہ بطور رائٹر جہانگیر حسین، جے کے ریڈی، فوٹو گرافی اسراد خان ، میوزک عدنان دھول، سہیل حیدر، بول ہرش تیاگی، سہیل حیدر، بسمہ عبداللہ، کوریو گرافی خرم تال، اسٹائل ماجد حسین سمیت ای بی اور عمران خان نے اپنے شعبوں میں بہت مہارت سے کام کیا۔
وقت اشاعت : 28/06/2022 - 16:50:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :