لیڈی ڈیانا کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ریلیز کردی گئی

جمعرات 30 جون 2022 16:25

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2022ء) ہالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر ایڈ پرکنز کی ہدایتکاری میں بننے والی شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم دی پرنسز ریلیز کردی گئی ۔آسکر کے لیے نامزد ڈائریکٹر ایڈ پرکنز نے نئی دستاویزی فلم میں شہزادی ڈیانا کی زندگی کی سینکڑوں گھنٹے کی فوٹیج کے ذریعے ان لمحات کو سمونے کی کوشش کی ہے ۔

(جاری ہے)

فلم دی پرنسز مکمل طور پر لیڈی ڈیانا کی زندگی کی آرکائیو ویڈیوز پر مشتمل ہے جس میں ان کی جوانی سے لے کر 31اگست 1997کو 36سال کی عمر میں ان کی موت اور اس کے نتیجے میں سوگ کے غیرمعمولی مناظر شامل ہیں۔ایڈ پرکنز کا کہنا ہے کہ دستاویزی فلم میں انہوں نے انٹرویوز اور تجزیوں کے روایتی انداز سے بچتے ہوئے لیڈی ڈیانا، میڈیا اور عوام کے درمیان تعلقات کی پیچیدگیوں کو کھوجنے کی کوشش کی ہے اور وہ اس کے ناظرین سے جذباتی ردعمل کی امید رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش تھی کہ اس دستاویزی فلم میں لیڈی ڈیانا کی زندگی پر مبنی آرکائیو ویڈیوز کو ایک قسم کی ٹائم مشین کے طور پر استعمال کریں تاکہ ناظرین کو ماضی میں واپس لے جایا جا سکے اور انہیں اس وقت میں دوبارہ جینے کا موقع دیا جا سکے۔
وقت اشاعت : 30/06/2022 - 16:25:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :