کینیڈین راک اسٹار کو کھویا ہوا جادوئی گٹار 46سال بعد واپس مل گیا

پیر 4 جولائی 2022 17:15

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2022ء) کینیڈین راک اسٹار رینڈی بچمین کو 46 سال بعد اپنا کھویا ہوا گٹار واپس مل گیا جس کو ڈھونڈنے میں ایک مداح نے ان کی مدد کی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈین موسیقار کا یہ گٹار دراصل کھویا نہیں تھا بلکہ 1976 میں ان کا یہ گٹار ٹورنٹو کے ایک ہوٹل سے چوری ہوگیا تھا۔رینڈی کو اس گٹار سے بیحد محبت تھی رینڈی بچمین نے اوریجنل امیریکن وومن کا گانا بھی لکھا تھا جبکہ اس گٹار کے ساتھ انہوں نے اپنے سینکڑوں گانے ترتیب دیئے تھے۔

موسیقار کیلئے یہ گٹار اس لئے بھی خاص تھا کیونکہ انہوں نے مختلف نوکریاں اور مزدوری کر کے 400ڈالر کا خریدا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیسے میرا جادوئی گٹار تھا اور اس کے چوری ہونے سے میں ٹوٹ گیا تھا اور یہ گٹار مجھ سے دور ہوا تو جیسے جادو بھی ختم ہوگیا۔

(جاری ہے)

موسیقار نے کافی عرصے تک اس گٹار کو تلاش کیا اور کئی انٹرویوز میں بھی اس کا ذکر کیا جس کے بعد ان کے ایک مداح نے اپنے راک سٹار کی مدد کرنے کی ٹھان لی اور گٹار ڈھونڈنے کی کوشش کی اور دو ہفتوں کے دوران ہی وہ اس گٹار کو ٹوکیو میں تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق یہ گٹار ایک جاپانی موسیقار نے 2014میں ٹوکیو سے تقریبا چھ ہزار 300ڈالر کا خریدا تھا جس کو ٹوکیو میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد کر کے کینیڈین موسیقار کو سونپ دیا گیا۔
وقت اشاعت : 04/07/2022 - 17:15:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :