بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کیس میں مزید 2ملزم گرفتار کرلئے گئے

منگل 5 جولائی 2022 17:25

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2022ء) دہلی پولیس نے گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گولڈی برار گینگ سے تعلق رکھنے والے مزید 2ملزمان کو گرفتار کر لیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے سلسلے میں لارنس بشنوئی، گولڈی برار گینگ کے 2افراد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کی رات کو دہلی پولیس نے انکت سِرسا اور سچن بھیوانی نام کے 2افراد کو گرفتار کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس قتل کیس میں اتوار کو ہونے والی مزید 2 افراد کی گرفتاری کے بعد اب تک کل 5ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔حکام کے مطابق ملزم انکت سِرسا سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث شوٹرز میں سے ایک ہے، جب کہ سچن بھیوانی کو 5شوٹرز کو پناہ دینے کا ذمے دار ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا ہے کہ ہریانہ کا رہائشی بھیوانی راجستھان میں گولڈی برار گینگ کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے اور راجستھان میں ایک کیس میں بھی مطلوب تھا۔ہریانہ کے سِرسا گاں سے تعلق رکھنے والا انکت بھی راجستھان میں قتل کی کوشش کے 2 مقدمات میں نامزد ہے۔اس حوالے سے دہلی پولیس کے اسپیشل سی پی، ایچ جی ایس دھالیوال کا کہنا ہے کہ قتل کیس کے ماسٹر مائنڈ اور بین الاقوامی مجرمانہ سازش کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد ہمارے خصوصی سیل کی کوشش یہی تھی کہ ان لوگوں کو گرفتار کیا جائے جو سدھو موسے والا کے کیس میں ملوث ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیم مدھیہ پردیش، جھاڑ کھنڈ، گجرات، ہریانہ، اتر پردیش اور دہلی سمیت 6ریاستوں میں اپنا کام کر رہی تھی، گزشتہ رات 11بجے کے بعد قتل میں ملوث سب سے کم عمر شوٹر انکت سرسا اور مدد فراہم کرنے والے سچن بھیوانی کو گرفتار کر لیا گیا۔دہلی پولیس نے اس کارروائی کے دوران، 9 ایم ایم پستول کیساتھ 10کارتوس، 30ایم ایم پستول کیساتھ 9کارتوس، 3پنجاب پولیس کی وردیاں، 2موبائل ہینڈ سیٹس اور 1سِم کارڈ بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
وقت اشاعت : 05/07/2022 - 17:25:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :