ڈاکٹر عامر لیاقت کی 51ویں سالگرہ، سابق اہلیہ نے یادگار ویڈیو شیئر کردی

منگل 5 جولائی 2022 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2022ء) گزشہ ماہ انتقال کر جانے والے رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹیلی ویژن اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پہلی سابق اہلیہ ڈاکٹر بشری اقبال نے اپنی بیٹی دعا عامر کی مرحوم والد کے ہمراہ یادگار ویڈیو شیئر کردی۔ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کی اچانک موت نے ان کے مداحوں کو گہرے رنج میں مبتلا کردیا تھا، ان کے اہل خانہ ان کی وفات پر تاحال صدمے سے دوچار ہیں۔

ان کی 51ویں سالگرہ کے موقع پر ڈاکٹر بشری اقبال نے اپنی بیٹی دعا عامر کی ان کے مرحوم والد ڈاکٹر عامر لیاقت کے ساتھ ایک یادگار ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ کم عمری میں دعا عامر نے اپنے والد کے ہمراہ پروگرام میں شرکت کی جس کی ویڈیو میں ڈاکٹر عامر لیاقت کو اپنی بیٹی کا انٹرویو لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ ویڈیو کو یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے کیپشن میں بشری اقبال نے ' ان مٹ نقوش' بھی لکھا۔

اس ویڈیو کو مداحوں نے بے حد پسند کیا اور کمنٹس میں دعائیہ کلمات بھی درج کیے۔چند صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر دکھ کا اظہار بھی کیا گیا، انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ بچوں کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے جب وہ والد کے انتقال کے بعد ایسی کوئی یادگار دیکھتے ہیں۔کئی صارفین نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی اور انہیں خوبصورت انداز میں یاد رکھنے پر ڈاکٹر بشری اقبال کو سراہا۔
وقت اشاعت : 05/07/2022 - 17:25:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :