افسوس ہے میرے کام کو سمجھنے میں گریمی جیتنے تک کا وقت لگا ، عروج آفتاب

یہ گانا سابق امریکی صدر باراک اوباما کی پلے لسٹ میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوا

جمعہ 19 اگست 2022 14:41

افسوس ہے میرے کام کو سمجھنے میں گریمی جیتنے تک کا وقت لگا ، عروج آفتاب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2022ء) پاکستان کی پہلی گریمی ایوارڈ یافتہ عالمی شہرت رکھنے والی پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کا کہنا ہے کہ مختلف اندازِ موسیقی سننے کی جستجو نے انہیں لاہور سے امریکا کا سفر کرنے پر مجبور کیا۔غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 18 برس کی عمر میں انہوں نے پہلا گانا جیف بکلی کا ’ہلیلوجاہ‘ کو ریکارڈ کرکے میوزک شیئرنگ سائٹ پر ڈالا جسے بہت پسند کیا گیا۔

یہ گانا اتنا وائرل ہوا کہ اسٹوڈنٹ لون پران کا داخلہ بوسٹن کے برکلی کالج آف میوزک میں ہوگیا اور وہ موسیقی کی تعلیم حاصل کرنے کی خاطر امریکا روانہ ہوگئیں۔میوزک کالج میں انہوں نے مختلف آلات کی مدد سے میوزک کمپوز اور پروڈیوس کرنا سیکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں غصہ آتا ہے جب کوئی ان کے گانے کو ’’کور‘‘ کہتا ہے، کیوں کہ وہ مختلف پرانے گانوں کو ازسرِ نو ترتیب دے کر دوبارہ بناتی ہیں جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی موسیقی میں منفرد بات یہ ہے کہ یہ نہ تو مکمل پاکستانی ہے اور نہ ہی یہ مکمل مغربی بلکہ یہ ان کا مکسچر ہے جو سننے والے کو ایک الگ ہی دنیا سے متعارف کرواتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ موجودہ نسل ان کی موسیقی کو اس لیے زیادہ پسند کر رہی ہے کیوں کہ نوجوان اب مقررہ زمروں تک ہی محدود نہیں رہنا چاہتے، برسوں تک، ایشیائی فنکاروں کو ایک طرف دھکیل دیا گیا، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

موجودہ نسل نئے تجربات کرنے سے نہیں ڈرتی ، جس کی وجہ سے وہ دنیا کو مزید خوبصورت چیزوں سے متعارف کروا رہی ہے جو ہمیشہ موجود تھیں لیکن معلوم نہیں تھیں۔عروج آفتاب کا کہنا ہے کہ وہ اردو زبان میں گانے کے لیے پرعزم ہیں، کیونکہ یہ ایک بہت خوبصورت اور میٹھی زبان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ کچھ لوگوں کو یہ سمجھنے میں گریمی جیتنے تک کا وقت لگا کہ وہ اتنے برسوں سے جو کچھ کر رہی ہیں وہ قابل قدر ہے لیکن انہیں خوشی ہے کہ اب لاہور میں میوزک کے حوالے سے بہت کام ہو رہا ہے اور اب ابھرتے ہوئے موسیقاروں کو زیادہ قبول کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ان کے تیسرے البم ’ولچر پرنس‘ میں پاکستان کے معروف غزل گائیک مہدی حسن کے گانے ’محبت‘ نے انہیں 2022 کا گریمی ایوارڈ دلوایا۔یہ گانا سابق امریکی صدر باراک اوباما کی پلے لسٹ میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوا۔عروج آفتاب اس وقت یورپ اور امریکا کے بعد جرمنی، برلن اور ہیمبرگ کے دورے پر ہیں جہاں وہ اپنی البم سے مختلف گانے کانسرٹ میں پیش کریں گی۔
وقت اشاعت : 19/08/2022 - 14:41:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :