مارول کے بعد ’شی ہلک‘ پر بنائی گئی ویب سیریز ریلیز کردی گئی

جمعہ 19 اگست 2022 19:07

مارول کے بعد ’شی ہلک‘ پر بنائی گئی ویب سیریز ریلیز کردی گئی
نیو یارک / کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2022ء) ہالی و وڈ کامک پروڈکشن ہائوس مارول نے پہلی مسلم پاکستانی خاتون سپر ہیرو ویب سیریز مس مارول کے بعد معروف کردار ہلک کی خاتون کزن کے کردار ’شی ہلک‘ پر بنائی ویب سیریز بھی ریلیز کردی۔شی ہلک کو دو سال قبل بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس کے پہلے سیزن کی پہلی قسط کو 18اگست کو ڈزنی پلس نامی اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کردیا گیا۔

شی ہلک کا کردار مارول اسٹوڈیو کے معروف سپر ہیرو کردارہلک جیسا ہی ہے اور اس کردار کو مرد کردار کی خاتون کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔خاتون کے کردار پر بنائی گئی ویب سیریز شی ہلک: اٹارنی ایٹ لا کی پہلی قسط کو 18اگست کو ریلیز کیا گیا اور اس کی آخری یعنی نویں قسط اکتوبر کے وسط میں نشر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ویب سیریز کی کہانی شی ہلک یعنی جینیفر والٹس نامی ایک خاتون وکیل کے گرد گھومتی ہے جو خصوصی صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں۔

وہ اپنی زندگی کے دوران بری عورتوں اور طاقتوں سے نہ صرف قانونی بلکہ جسمانی طور پر بھی لڑتی دکھائی دیتی ہیں۔سیریز میں خاتون وکیل کو طاقتور بنانے کیلئے ان کے کزن ہلک انہیں تربیت بھی دیتے ہیں اور انہیں بتاتے ہیں کہ ہلک بننے کے بعد کسی بھی فرد پر کس طرح کی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ویب سیریز کے ٹریلر میں دکھایا گیا تھا کہ شی ہلک تربیت کے دوران ہی ایسی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتی ہیں کہ ان کے مرد کزن یعنی ہلک بھی انہیں دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں۔

ویب سیریز میں شی ہلک کا کردار 34 سالہ کینیڈین اداکارہ تاتیانا مسلانے نے ادا کیا ہے جب کہ ان کی مخالف یعنی سپر ولن خاتون تتانیا کا کردار پاکستانی نژاد برطانوی اداکارہ جمیلہ جمیل نے ادا کیا ہے۔شی ہلک کا لباس، انداز و جسامت اپنے کزن کردارہلک کی طرح ہی سبزہی رکھا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 19/08/2022 - 19:07:02