پاکستان میں ہوئی تباہی کا دنیا کو اندازہ نہیں، ،آنے والے ہفتوں میں بھرپور مدد نہ پہنچی تو بچنے والے بھی نہیں بچ پائیں گے،انجلینا جولی

کوئی بھی امدادی سرگرمی دیکھی تو دیکھا کہ وہ پاک فوج کر رہی ہے،ہر جگہ پاک فوج کو عوام کی مدد کرتے اور زندگیاں بچاتے دیکھا ہے، جن زندگیوں کو بچایا گیا ہے، بالی ووڈ ادا کارہ

جمعرات 22 ستمبر 2022 12:46

پاکستان میں ہوئی تباہی کا دنیا کو اندازہ نہیں، ،آنے والے ہفتوں میں بھرپور مدد نہ پہنچی تو بچنے والے بھی نہیں بچ پائیں گے،انجلینا جولی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2022ء) سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان آنے والی ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر دنیا کی توجہ مرکوز کرانے کا عزم کرتے ہوئے کہا ے کہ پاکستان میں ہوئی تباہی کا دنیا کو اندازہ نہیں۔نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے انجلینا جولی نے بدترین تباہی، عوام کی مشکلات اور پاک فوج کے ریلیف آپریشن کی حقیقی منظر کشی پیش کی۔

ہالی ووڈ اداکارہ نے مشکلات میں گھرے عوام کی مدد میں دن رات مصروف پاک فوج سے متاثر ہوتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی امدادی سرگرمی دیکھی تو دیکھا کہ وہ پاک فوج کر رہی ہے۔انجلینا جولی نے کہا کہ ہر جگہ پاک فوج کو عوام کی مدد کرتے اور زندگیاں بچاتے دیکھا ہے، جن زندگیوں کو بچایا گیا ہے، ان سے بات کی مگر وہ ابھی محفوظ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو تباہی ہوئی ہے، دنیا کو اس کا اندازہ ہی نہیں،آنے والے ہفتوں میں بھرپور مدد نہ پہنچی تو بچنے والے بھی نہیں بچ پائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ان انسانوں میں بے شمار بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ایسی تباہی اپنی زندگی میں کہیں بھی نہیں دیکھی۔ متاثرین کو خوراک، شیلٹر اور طبی سہولیات کی ہنگامی ضرورت ہے۔پاکستان کے اپنے گزشتہ دورے کو یاد کرتے ہوئے انہوں کہا کہ پہلے جب بھی وہ پاکستان آئیں تو انہوں نے عوام کو افغان عوام کی مہمان نوازی کرتے پایا، آج پاکستانی خود بڑی قدرتی آفت کا شکار ہیں۔

انجلینا جولی نے عالمی برادری سے پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو صورتحال ہے دنیا کو اس پر جاگنا چاہیے۔ یہ بہت سارے لوگوں کی زندگی و موت کا مسئلہ ہے۔اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر نے کہاکہ کلائمنٹ چینج کے کم ذمہ دار ممالک کو تباہی اور اموات کا دوسروں کی نسبت زیادہ سامنا ہے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں میرا دل عوام کے ساتھ ہے۔اس موقع پر انجلینا جولی نے بار بار متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان آنے کا عزم دھرایا۔
وقت اشاعت : 22/09/2022 - 12:46:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :