اظفر رحمن کا سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی ،ایوارڈ شو میں شرکت سے معذرت کرلی

ایوارڈ شو انتظامیہ سے اپیل ہے میرے ٹکٹ ،رہائش کے اخراجات کو سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے عطیہ کیا جائے، اداکار

ہفتہ 24 ستمبر 2022 16:49

اظفر رحمن کا سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی ،ایوارڈ شو میں شرکت سے معذرت کرلی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2022ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اظفر رحمن نے سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایوارڈ شو میں شرکت کرنے سے معذرت کرکے اپنے مداحوں کے دل جیت لئے۔اظفر رحمن نے اپنی انسٹااسٹوری پر اپنے مداحوں کو یہ اطلاع دی ہے کہ وہ اس سال ایوارڈ شو میں شرکت نہیں کریں گے۔انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ میں نے ملک میں آئے سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیشِ نظر اپنی مرضی سے ایوارڈ شو میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ میں ٹورنٹو میں موجود اپنے مداحوں کو مایوس کرنے پر معذرت خواہ ہوں۔انہوں نے لکھا کہ میں اس سال ایوارڈ شو میں شرکت نہیں کروں گا، حالانکہ میں ایوارڈ منفی کردار ادا کرنے کیلئے بہترین اداکار کی کیٹیگری میں نامزد بھی ہوں۔اظفر رحمن نے لکھا کہ میں سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے کھڑا ہوں۔انہوں نے لکھاکہ ایوارڈ شو کی انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ میرے ٹکٹ اور رہائش کے اخراجات کو سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے عطیہ کر دیں۔اداکار کے اس فیصلے کو مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر خوب سراہا جارہا ہے۔
وقت اشاعت : 24/09/2022 - 16:49:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :