سیشن عدالت نے گلوکار علی ظفر کی جانب سے ماڈل میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت دعوی کیس میں گواہان کو جرح کے لئے18 اکتوبر کو طلب کرلیا

بدھ 5 اکتوبر 2022 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2022ء) لاہور کی سیشن عدالت نے گلوکار علی ظفر کی جانب سے ماڈل میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت دعوی کیس میں گواہان کو جرح کے لئے18 اکتوبر کو طلب کرلیا۔ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے میشا شفیع کیخلاف گلوکار علی ظفر کی جانب سے ہتک عزت کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت میشا شفیع کے وکیل ثاقب جیلانی نے مو قف اختیار کیا کہ عدالت نے میشا شفیع کے شوہر اور کیس کے گواہ رحمان کو جرح کے لئے طلب کیا تھا، گواہ رحمان اپنی والدہ کے انتقال کے سبب کینیڈا میں موجود ہے،میشا شفیع اور انکے شوہر کینیڈا میں ہیں اور ان کے لئے پاکستان آنا ممکن نہیں،وکیل میشا شفیع نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے میشا شفیع کی ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کررکھا ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرلیا جائے اور اسی فیصلے کی روشنی میں کیس کو آگے لے کر چلا جائے۔

عدالت کے روبرو علی ظفر نے دعوی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ میشا شفیع نے ہراساں کرنے کے بے بنیاد الزامات عائد کئے، میشا شفیع نے سستی شہرت کے لیے جھوٹے الزامات لگائے، میشا شفیع کے جھوٹے الزامات سے پوری دنیا میں میری شہرت متاثر ہوئی۔عدالت سے استدعا ہے کہ میشا شفیع کو سو کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔
وقت اشاعت : 05/10/2022 - 22:46:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :