عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ، شوبز شخصیات کا اظہار مذمت،زخمیوں کیلئے دعائیں

جمعرات 3 نومبر 2022 21:16

عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ، شوبز شخصیات کا اظہار مذمت،زخمیوں کیلئے دعائیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے نکلنے والے لانگ مارچ کے قافلے پر گوجرانوالہ کے قریب وزیر آباد کے مقام پر فائرنگ کے واقعہ کی دیگر افراد کی طرح شوبز شخصیات نے بھی مذمت کی ہے۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے قافلے پر وزیر آباد کے مقام پر فائرنگ کی گئی ، فائرنگ کا واقعہ عمران خان کے کنٹینر پر پیش آیا جس سے سابق وزیر اعظم اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ۔

عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کی وزیر اعظم اور صدر مملکت سمیت حکومتی وزرا اور اہم سیاسی شخصیات کے علاوہ سماجی افراد اور شوبز شخصیات نے بھی مذمت کی۔شوبز کی شخصیات نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور پی ٹی آئی چیئرمین کو زیادہ نقصان نہ پہنچنے پر شکرانے بھی ادا کیے۔

(جاری ہے)

سینئر اداکار عدنان صدیقی نے فائرنگ کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔سینئر اداکار شان شاہد نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی سلامتی کیلئے دعا کی اور ساتھ ہی لکھا کہ خدا ان کا مددگار ہوگا۔اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان اور فیصل جاوید خان سمیت دیگر کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔

انہوں نے لکھا کہ اس طرح کے واقعات ملک کو انارکی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ماڈل، اداکار، آرٹسٹ ڈیزائنر فریحہ الطاف نے بھی کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش قرار دیا۔انہوں نے لکھا کہ عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ افسوس ناک ہے، اس سے ملک میں خوف بڑھ رہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

ماڈل و ٹک ٹاکر اقصیٰ کینجھر جمالی نے بھی سابق وزیر اعظم کے کنٹینر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی، گلوکار ہارون شاہد نے بھی عمران خان کے کنٹینر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ بہت ہوگیا۔انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں سوال کیا کہ کیا فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا موسیقار روحیل حیات نے بھی عمران خان کے محفوظ رہنے پر خدا کے شکرانے ادا کیے اور ساتھ ہی لکھا کہ یہ اچھا نہیں ہوا۔روحیل حیات نے دعا کی خدا آگے بھی ایسے ہی خیریت برقرار رکھے۔
وقت اشاعت : 03/11/2022 - 21:16:01

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :