سندھ ہائیکورٹ کا فلم ’’جوائے لینڈ‘‘کی ریلیز کے خلاف درخواست پر تحریری حکم جاری

درخواست گزار یہ بتانے میں ناکام رہا کہ فلم کی ریلیز آئین کے کس شق کی خلاف وری ہے،عدالت عالیہ

ہفتہ 26 نومبر 2022 17:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2022ء) سندھ ہائیکورٹ نے فلم ’’جوائے لینڈ‘‘کی ریلیز کے خلاف درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواستگزار نے موقف دیا کہ فلم سے غیر اخلاقی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔ فیصلے کے مطابق درخواست گزار نے فلم کے سرٹیفیکیشن کے عمل میں کسی قانونی خامی کی نشاندہی نہیں کی۔

درخواست گزار یہ بتانے میں ناکام رہا کہ فلم کی ریلیز آئین کے کس شق کی خلاف وری ہے۔ درخواست گزار نے صرف آرٹیکل 227 پر انحصار کیا مگر اس کی بھی خلاف ورزی ثابت نہیں کرسکا۔ آئین کا آرٹیکل 227 صرف یہ کہتا ہے "تمام موجودہ قوانین کو اسلام کے احکام کے مطابق ڈھالا جائے گا۔ یہ کہ کوئی ایسا قانون نافذ نہیں کیا جائے گا جو قرآن و سنت کے منافی ہو۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے فلم کے سرٹیفیکیشن کو براہ راست چیلنج بھی نہیں کیا۔

ضروری نہیں ہے کہ سماجی یا ثقافتی اقدار کے سخت اور تنقیدی پہلو اسلام کی روح کے منافی ہو۔ تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا کہ جوائے لینڈ فلم میں اسلام کی کوئی توہین،مقدس آیات یا کوئی مذہبی مقام یا شخصیت کے خلاف مواد نہیں پایا گیا۔ فلم میں کوئی بھی ایسا مواد نہیں جس سے کسی قانون کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ درخواستگزار کا رویہ اور دلائل غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔

درخواست گزار حق دعوی ثابت کرنے میں بھی ناکام رہا۔ فلم کو سینسر کے مرحلے سے گزارا گیا ہے جہاں مواد کی جانچ کے بعد سرٹیفیکیشن کے ساتھ ریلیز کی اجازت دی گئی ہے۔ عدالت کا یہ کام نہیں ہے کہ وہ اخلاقی فیصلہ دے اور فلم ساز کی آزادی اظہار اور اظہار رائے کو روکا جائے۔ آئین کا آرٹیکل 19 "ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی کا حق دیتا ہے۔ ہمارا معاشرہ اتنا کمزور نہیں کہ خواجہ سرائوں جیسے موضوعات کے نتیجے میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے۔

خواجہ سرا ہر لحاظ سے پاکستان کے مساوی شہری ہیں اور ان کی زندگی، ان کی جدوجہد مساوی جگہ اور پہچان کی مستحق ہیں۔ عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ فلم کی ریلیز ایک سازش ہے جس سے معاشرے میں افراتفری پھیلے گی۔
وقت اشاعت : 26/11/2022 - 17:03:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :