صباء فیصل کا بیٹے اور بہو سے لا تعلقی کا اعلان

نیہا جیسی منفی عورت کے خاندان میں آنے سے گھر ٹوٹ جاتے ہیں، چار سال سے مشکل زندگی گزار رہی ہوں، سوچتی رہی ایسی عورت کیساتھ بیٹا کیسے زندگی گزاریگا ، اداکارہ بیٹا اگر سمجھتا ہے نیہا اس کیلئے اگلی زندگی میں سکون اور عزت کا باعث رہے گی تو دعا کرتی ہوں وہ رہے مگر میرا ان کے ساتھ کوئی واسطہ نہیں ہے، بیان

بدھ 7 دسمبر 2022 17:49

صباء فیصل کا بیٹے اور بہو سے لا تعلقی کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2022ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنے بیٹے سلمان فیصل اور بہو نیہا سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ صباء فیصل نے کہا کہ میں کبھی بھی اپنے گھر اور نجی معاملات کو اس طرح زیر بحث نہیں لائی لیکن اب مجبورا مجھے یہ آپ سب کو بتانا پڑ رہا ہے، جو لوگ مجھے نیہا کی سوشل میڈیا پوسٹس پر گالیاں دے رہے ہیں، میں نے بہت ہی خوبصورت زندگی گزاری ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ نیہا جیسی منفی عورت جب کسی خاندان میں آجاتی ہے تو گھر ٹوٹتے ہیں، میں پچھلے چار سال سے اپنے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں، میں یہ ہی سوچتی رہی کہ بیٹا کیسے زندگی گزارے گا ایسی عورت کیساتھ، میں زیادہ تفصیل میں نہیں جائوں گی لیکن آپ اس ویڈیو سے اندازہ لگاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف سوشل میڈیا پیچز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نیہا کی پوسٹ کو اٹھایا اور شیئر کیا، لیکن میں اور میری بیٹی خاموش رہے کیوں کہ ہماری کہی ہوئی بات بہت جلدی وائرل ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بس اتنا کہوں گی کہ نیہا سے ہمارا کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے، سلمان نے اگر اس کے ساتھ رہنا ہے تو سلمان سے بھی ہمارا کوئی واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ سمجھتا ہے کہ نیہا اس کے لیے اگلی زندگی میں سکون اور عزت کا باعث رہے گی تو میں دعا کرتی ہوں کہ وہ رہے لیکن میرا ان کے ساتھ کوئی واسطہ نہیں ہے۔اداکارہ نے کہا کہ میں باتوں کی گہرائی میں نہیں جائوں گی، اگر میں باتوں کی گہرائی میں گئی تو آپ سب تھو تھو کریں گے، جوکہ میں بالکل نہیں چاہتی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس ویڈیو بنانے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ آپ کسی کو جج کریں، نہ میں یہ چاہتی ہوں کہ آپ ایک طرفہ فیصلہ کریں۔ مقصد صرف اتنا ہے کہ اگر سلمان اپنی بیوی کے ساتھ رہنا چاہتا ہے تو رہے، ہمارا ان دونوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اور جب ایک ماں ایسے الفاظ استعمال کرتی ہے تو ہر کوئی سمجھ سکتا ہے، شکریہ۔
وقت اشاعت : 07/12/2022 - 17:49:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :