بھارتی فلم انڈسٹری کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، شاہ رخ خان

عالمی پلیٹ فارمز پر میری تمام کامیابیاں انفرادی نہیں ، پوری انڈسٹری کی کامیابی ہے،بھارتی فلم انڈسٹری کی نمائندگی کیلئے مختلف جگہوں پر منتخب ہونے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں، بالی ووڈ سٹار

بدھ 7 دسمبر 2022 17:52

بھارتی فلم انڈسٹری کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، شاہ رخ خان
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2022ء) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو حال ہی میں جدہ میں منعقد ہونے والے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اعزازی ایوارڈ ملا ہے۔شاہ رخ خان 32سالوں کے دوران اپنے شوبز کیریئر میں حاصل کی گئی شاندار کامیابیوں پر ہمیشہ بہت عاجزی کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔البتہ اب ریڈ سی فلم فیسٹیول میں ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اداکار نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انہیں ایوارڈ حاصل کرنا پسند ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بناء کسی ہچکچاہٹ اور ڈھٹائی سے کہتا ہوں کہ مجھے ایوارڈز پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایوارڈز دیئے جانے کی یہ روایت پسند ہے کیونکہ یہ کسی خاص کام کیلئے نہیں جو میں نے کیا ہو بلکہ یہ مجھے صرف اس بات پر دیا جارہا ہے کہ میں گزشتہ 32سالوں سے لوگوں کو خوش کرنے کی کوشش کر رہا ہوں اور اپنی اس کوشش میں کبھی کامیاب ہوتا ہوں اور کبھی ناکام بھی ہوتا ہوں، لیکن مجھے یہ اچھا لگتا ہے۔

(جاری ہے)

شاہ رخ خان نے تسلیم کیا کہ عالمی پلیٹ فارمز پر ان کی تمام کامیابیاں انفرادی نہیں ہیں بلکہ جب بھی انہیں کوئی کامیابی ملی تو وہ ان کے اکیلے کی نہیں بلکہ پوری انڈسٹری کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کبھی کبھی محسوس کرتا ہوں کہ جس کام سے میری پہچان بنی ہے یہ انفرادی طور پر نہیں بلکہ یہ بھارت کی پوری فلم انڈسٹری کیلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے بھارتی فلم انڈسٹری کی نمائندگی کرنے کیلئے مختلف جگہوں پر منتخب کیا گیا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ میں لوگوں کو بھارتی فلموں کی کہانیاں بتا سکتا ہوں، امید ہے کہ لوگ بھارتی فلموں کو زیادہ سے زیادہ دیکھیں گے، چاہے میں ان فلموں کا حصہ ہوں یا نہیں۔
وقت اشاعت : 07/12/2022 - 17:52:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :