فلم واٹس لوو گوٹ ٹو ڈو وِد اِٹ پاکستانی تہذیب سے متاثر ہو کر لکھی، جمائمہ گولڈ اسمتھ

فلم میں خوبصورت پاکستانی تہذیب کے رنگوں ، معاشرے کے مثبت پہلو کو اجاگر کیا ہے فلم میں رنگوں سے بھرپور وہ پاکستان دکھائی دے گا جہاں کئی سال رہی، جس پاکستان سے مجھے محبت ہوئی ،دیکھنے والوں کو یہ سب دیکھ کر اچھا لگے گا،برطانوی رائٹر

منگل 24 جنوری 2023 17:48

فلم واٹس لوو گوٹ ٹو ڈو وِد اِٹ پاکستانی تہذیب سے متاثر ہو کر لکھی، جمائمہ گولڈ اسمتھ
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2023ء) چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ، برطانوی سکرین رائٹر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی نئی فلم واٹس لوو گوٹ ٹو ڈو وِد اِٹ میں خوبصورت پاکستانی تہذیب کے رنگوں کو اجاگر کیا ہے۔جمائمہ گولڈ اسمتھ نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب 30برس کی ہونے کے بعد برطانیہ واپس گئی تو اس فلم کو بنانے کا ارادہ اپنے دوستوں کے ساتھ بات چیت کے دوران مذاق میں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میرے سابق شوہر کا خاندان کافی قدامت پسند ہے اس لئے میں پاکستان میں ان کے والد، ان کی بہنوں، بہنوں کے شوہروں اور بچوں کیساتھ 24افراد پر مشتمل مشترکہ خاندان کے گھر میں رہتی تھی۔ جمائمہ نے بتایا کہ میں نے پاکستان میں ارینج میریج کی روایت کو قریب سے دیکھا، وہ طویل مدتی شادیاں تھیں اور میں وہ شادیاں کروانے کی کمیٹی میں بھی شامل تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان شادیوں میں سے کچھ شادیاں حیرت انگیز طور پر میرے تصورات کے مطابق کامیاب رہیں، چنانچہ جب میں 30برس کی ہونے کے بعد برطانیہ واپس آئی تو میرے دوست اپنی زندگی کے اس حصے میں تھے جہاں وہ شادی کے بعد بچے پیدا کرنے اور اپنی فیملی کا آغاز کرنے کے بارے میں سوچ رہے تھے۔جمائمہ نے بتایا کہ ہم دوست اس بارے میں بات کر رہے تھے کہ کیا آپ نے ایسے والدین کو دیکھا ہے جو اپنے بچوں کیلئے پارٹنر خود تلاش کریں، یہ موضوع کہ محبت شادی کے بعد ہوتی ہے ہمارے لئے بالکل مختلف نظریہ تھا جس نے مجھے میری یہ نئی فلم لکھنے کیلئے کافی متاثر کیا اور مجھے لگا کہ میرے پاس اس موضوع پر کہنے کو بہت کچھ ہے۔

انہوں نے اپنی نئی فلم کو روم۔کو پاکستان کا نام دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنی اس فلم میں پاکستانی معاشرے کے مثبت پہلو کو اجاگر کیا ہے، سیاست کے اندھیروں سے ہٹ کر آپ اس فلم میں اسکرین پر زندگی کے رنگوں اور خوشیوں سے بھرپور پاکستان دیکھیں گے۔جمائمہ نے کہا ہے کہ خاص طور پر امریکا اور برطانیہ میں لوگ پاکستان کو مسائل میں گھری ایک تاریک جگہ کے طور پر دیکھنے کے عادی ہیں لیکن اس فلم میں رنگوں سے بھرپور وہ پاکستان دکھائی دے گا جہاں میں کئی سال رہی، جس پاکستان سے مجھے محبت ہوئی اور دیکھنے والوں کو یقینا یہ سب دیکھ کر اچھا لگے گا۔
وقت اشاعت : 24/01/2023 - 17:48:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :