مفت پاس ورڈ شیئر کرنے سے روکنے کیلئے نیٹ فلکس کا طریقہ کار سامنے آگیا

کسی گھر یا پرائمری لوکیشن میں نہ رہنے والے افراد اس جگہ کے اکائونٹ کو دیگر مقامات پر سٹریمنگ مواد دیکھنے کیلئے استعمال نہیں کرسکیں

جمعہ 3 فروری 2023 18:39

مفت پاس ورڈ شیئر کرنے سے روکنے کیلئے نیٹ فلکس کا طریقہ کار سامنے آگیا
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2023ء) مقبول ویڈیو سٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کی جانب سے 2023کی پہلی سہ ماہی کے اختتام سے مختلف ممالک میں اکائونٹ پاس ورڈ شیئر نگ روکنے کیلئے کریک ڈائون شروع کیا جائے گا۔کمپنی کی جانب سے پہلے ہی چند ممالک میں اس حوالے سے کام کیا جارہا ہے اور مختلف فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔اب کمپنی نے پہلی بار تفصیل سے بتایا ہے کہ وہ کیسے ایک اکائونٹ کو مختلف افراد کو استعمال کرنے سے روکے گی۔

کمپنی کے ایف اے کیو پیج میں اس حوالے سے تفصیلات دی گئی ہیں، جس میں انکشاف کیا گیا کہ کسی گھر یا پرائمری لوکیشن میں نہ رہنے والے افراد اس جگہ کے اکائونٹ کو دیگر مقامات پر اسٹریمنگ مواد دیکھنے کیلئے استعمال نہیں کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آپ کی ڈیوائسز اس جگہ کے وائی فائی سے منسلک ہوں، اس مقصد کیلئے کمپنی کی جانب سے صارفین کو پرائمری لوکیشن کے وائی فائی سے کنکٹ کرنے کا کہا جائیگا۔

کمپنی کے مطابق جو فرد کسی مختلف جگہ پر غیر متعلقہ ڈیوائس سے اکائونٹ میں لاگ ان ہونے کی کوشش کرے گا، اس کی سروس تک رسائی روک دی جائے گی ،کمپنی کی جانب سے گھر سے باہر اکائونٹ کی تفصیلات شیئر کرنے پر خودکار طور پر اضافی فیس نہیں لی جائیگی۔گھر سے باہر کسی نئی ڈیوائس پر نیٹ فلکس پر سائن ان ہونے پر صارفین کی سہولت کیلئے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔

ایسے صارفین کی جانب سے سائن ان کرتے ہوئے کمپنی سے ایک عارضی کوڈ فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی، جس سے انہیں 7 دن تک گھر سے باہر اکائونٹ تک رسائی مل جائے گی۔اس کیلئے پرائمری لوکیشن پر ہر 31دن میں کم از کم ایک بار نیٹ فلکس پر سائن ان ہونا ہوگاجس کے بعد کمپنی کی جانب سے ڈیوائس پر نیٹ فلکس تک رسائی بلاک نہیں کی جائے گی۔اگر ڈیوائس پر سروس بلاک ہوگئی ہے تو اس کے لیے کمپنی سے رجوع کرنا ہوگا۔نیٹ فلکس کی جانب سے آئی پی ایڈریسز، ڈیوائس آئی ڈی اور اکائونٹ کی سرگرمیوں کو مدنظر رکھ کر تعین کیا جائے گا کہ پرائمری لوکیشن پر آپ اپنے اکائونٹ پر کسی ڈیوائس پر سائن ان ہوئے ہیں یا نہیں۔
وقت اشاعت : 03/02/2023 - 18:39:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :