فلم انڈسٹری کے معروف اداکار آغا طالش کی 25 ویں برسی 19 فروری کو منائی جائیگی

ہفتہ 4 فروری 2023 12:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2023ء) پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار آغا طالش کی 25 ویں برسی 19 فروری کو منائی جائے گی۔معروف اداکار آغا طالش کا اصل نام آغا علی عباس قزلباش تھا وہ 1924 میں لدھیانہ میں پیدا ہوئے، آغا طالش کے والد محکمہ پولیس میں ملازمت کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کا مختلف شہروں میں تبادلہ ہوتا رہتا تھا، وہ ابھی کم سن تھے کہ ان کے والد کا تبادلہ متھرا میں ہوگیا، متھرا میں آغا طالش نے اپنی حصول تعلیم کے سلسلے کا آغاز کیا اور متھرا میں ہی اپنی تعلیم مکمل کی۔

قیام پاکستان کے بعد وہ لاہور منتقل ہو گئے جہاں کی فلم انڈسٹری میں انہوں نے طالش کے نام سے شہرت پائی۔آغا طالش کا فنی سفر 1947 میں کرشن چندر کی فلم ’’سرائے کے باہر‘‘سے شروع ہوا تھا، پاکستان میں پہلا کردار 1950 میں فلم ’’نت‘‘میں کیا، انہوں نے 400سے زائد اردو، پنجابی اور دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ان کی یادگار فلموں میں شہید، فرنگی، زرقا، یہ امن اور وطن، عجب خان، زخمی عورت، دہلیز بندش، محمد بن قاسم، میں بنی دلہن اور دیگر قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

آغا طالش نے ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں قرب، ضرورت، زندگی سمیت دیگر شامل ہیں۔آغا طالش 19 فروری 1998 کو جہان فانی سے رخصت ہو گئے تھے۔

وقت اشاعت : 04/02/2023 - 12:23:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :