ٹی وی اور فلم کے لیجنڈ اداکار قوی خان انتقال کرگئے

سینئر اداکار کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے کینیڈا میں زیر علاج تھے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 مارچ 2023 23:33

ٹی وی اور فلم کے لیجنڈ اداکار قوی خان انتقال کرگئے
ٹورنٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ2023ء) پاکستان کے ٹی وی اور فلم کے لیجنڈ اداکار قوی خان انتقال کرگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی وی اور فلموں کے معروف اداکار محمد قوی خان کا 80 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا، اداکار قوی خان کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے کینیڈا میں زیر علاج تھے۔ صدر آرٹس کونسل کراچی محمداحمد شاہ نے قوی خان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قوی خان طبیعت ناسازی کے باعث علاج کیلئےکینیڈا گئے تھے، جہاں قوی خان کو دل کا دورہ پڑا جوجان لیوا ثابت ہوا۔

بتاتے چلیں کہ محمد قوی خان 15 نومبر 1942 کو پشاور میں پیدا ہوئے، قوی خان نے 200 سے ذائد فلموں اور لاتعداد ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے، انہوں نے فنی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا، کم عمری میں چائلڈ ایکٹر کے طور پر ریڈیو پاکستان کے ڈراموں سے کام شروع کیا، 1964ء میں جب لاہور میں پاکستان ٹیلی وژن کا آغاز ہوا تو انہیں اس کے پہلے ڈرامے "نذرانہ" میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، اس کے بعد انہوں نے لاتعداد سیریلز، سیریز اور انفرادی ڈراموں میں کام کیا، جن میں اندھیرا اجالا ، فشار، لاہوری گیٹ، دو قدم دور تھے، مٹھی بھر مٹی، من چلے، میرے قاتل مرے دلدار، پھر چاند پہ دستک، در شہوار، بیٹیاں، داستان، ایک نئی سنڈریلا اور ڈاکٹر دعاگو کے نام سرفہرست ہیں تاہم قوی خان نے میں ڈرامہ سیریل اندھیرا اجالا سے نام کمایا اورایماندار پولیس آفیسر کی حیثیت سے اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے، اس کے علاوہ ان کی چند شہرہ آفاق فلموں میں محبت زندگی ہے، سوسائٹی گرل، چن سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان، رانگ نمبر، مہر النساء اور پری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

قوی خان پاکستان ٹیلی وژن کی پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، یہ اعزاز انہیں 14 اگست 1980ء کو ملا، انہیں ستارہ امتیاز سے بھی سرفراز کیا گیا، محمد قوی خان پی ٹی وی ایوارڈ اور ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں، انہوں نے تین نگار ایوارڈز بھی حاصل کیے، حال ہی میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں اپنی فنی خدمات کے نتیجے میں اعتراف کمال ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
وقت اشاعت : 05/03/2023 - 23:33:29

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :