پی کے کا مقصد بھائی چارے کا فروغ، راجکمار ہیرانی

جمعرات 1 جنوری 2015 16:40

پی کے کا مقصد بھائی چارے کا فروغ، راجکمار ہیرانی

عامر خان کی فلم "پی کے" اپنے پہلے پوسٹر کی ریلیز کے بعد سے تنازعات کی زد میں ہے اور اس کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ توہم پرستی کے خلاف آواز اٹھانے والی اس فلم پر ہندوستان بھر میں متعدد ہندو انتہاپسند گروپس کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے اور کئی شہروں میں سینما گھروں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تاہم فلم کے ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی نے پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے فلم کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ "پی کے" کے بارے میں کچھ گروپس کے احتجاج پر فکرمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "پی کے" کی پوری ٹیم کی جانب سے وہ وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ ہم تمام مذاہب اور عقائد کا احترام کرتے ہیں۔ راجکمار ہیرانی نے کہا کہ ہماری فلم مہاتما گاندھی اور سنت کبیر کے خیالات سے متاثر ہے اور اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ دنیا میں رہنے والے تمام انسان برابر ہیں اور ہم محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہندو انتہاپسند جماعتوں کے احتجاج کے باوجود ہندوستانی حکومت نے عامر خان کی فلم "پی کے" کو سینما گھروں سے اتارنے سے انکار کر دیا ہے۔ جونیئر ہندوستانی وزیر اطلاعات راجیا وردھن سنگھ راتھوڑ نے کہا کہ فلم کو سینسر بورڈ سے کلیئر کیا گیا ہے اس لئے حکومت اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے گی۔

وقت اشاعت : 01/01/2015 - 16:40:36

Rlated Stars :