ڈرامہ سیریل'کس سے کہوں'عوام میں مقبول

پیر 12 جنوری 2015 21:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری2015ء) معروف اداکاروں سجل علی، آغا علی، یمنیٰ زیدی، عیسیٰ چوہدری، ثمینہ احمد ، سیمی راحیل، محسن گیلانی، اورنگزیب لغاری اور افتخارٹھاکر کی شاندار اداکاری پر مشتمل ڈرامہ سیریل ' کس سے کہوں 'عوام میں مقبولیت کے مزید سنگ میل عبور کر رہی ہے۔اس ڈرامے کی چھٹی قسط گزشتہ اتوار پیش کی گئی جس نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

ناظرین کے کچھ حلقے تجربہ کار اداکاروں کے ہمراہ نوجوان اداکاروں کے امتزاج کو بھی بے حد سراہ رہے ہیں۔ناقدین کے مطابق اس ڈرامے میں معاشرے کے نوجوانوں کے مختلف ذہنی و نفسیاتی مسائل کا نہایت خوبی سے احاطہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں خواتین پر تشدد کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

معاشرے کے اس المیہ پر ناظرین کی توجہ مبذول کرانے کیلئے افتخار ٹھاکر کا انتخاب کیا گیا جو اس ڈرامے میں ایک ٹرک ڈرائیور کا کردارنہایت خوبصورتی سے ادا کر رہے ہیں۔

ڈرامے میں وہ اپنی بیوی پر بیٹا پیدا نا کرنے کا طعنہ دیتے ہوئے اکثر اوقات تشدد کرتا ہے۔اس تشدد کی وجہ سے اس کی بیوی اور پانچ بیٹیاں بے انتہا کرب میں مبتلا ہو جاتی ہیں۔ اس ڈرامے کے ذریعے اسی اہم پہلو کو اجاگر کرنے کیلئے ڈرامائی انداز میں ایک بہترین کوشش کی گئی ہے تاکہ ملک کو آنے والے کسی بھی معاشی عدم استحکام سے بچایا جا سکے۔ ڈرامہ کو معروف مصنف شاہد ندیم نے تحریر کیا ہے جبکہ ہدایت کاری نوجوان ڈائریکٹر کاشف نثار کی ہے۔ یہ ڈرامہ سیریل کمیونیکیشنز ریسرچ سٹریٹجیز(CRS) کی پیشکش ہے جسے'عہد' کا تعاون حاصل ہے۔ڈرامے کی ساتویں قسط اتوار18 جنوری کو رات 8:10 پر پی ٹی وی ہوم پر نشر کی جائے گی۔

وقت اشاعت : 12/01/2015 - 21:32:45

Rlated Stars :