پاکستا ن فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ ادا کارننھا کی برسی 2 جون کو منائی جا ئے گی

بدھ 31 مئی 2023 22:53

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2023ء) دو دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنیوالے پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز مزاحیہ اداکار رفیع خاور المعروف ننھا کی برسی2 جون بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔ننھا مرحوم نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1966 میں فلم ''وطن کا سپاہی ''سے کیا لیکن ابتدائی دور میں چھوٹے موٹے کرداروں کے بعد انکو 1975میں فلم نوکر سے شہرت ملی۔

انہوں نے 1979 میں فلم '' ٹہکاپہلوان'' میں پہلی بار مرکزی کردار ادا کیا اور فلم '' دبئی چلو '' نے انہیں صف اول کا اداکار بنا دیا۔1981میں سپرہٹ فلم '' سالا صاحب'' کے مرکزی کردار نے ننھا کو علی اعجاز کے ساتھ ایکشن فلموں کے عروج کے دور میں ہلکی پھلکی مزاحیہ فلموں کی صورت میں متبادل تفریح کا ذریعہ بنا دیا تھا لیکن یہ دور 1985تک ہی چل سکا اور فلم بین یکسانیت، گھسی پٹی کہانیوں اور زو معنی جملوں سے بیزار ہوگئے اور ننھا کو زوال کا سامنا کرنا پڑاجس پر وہ خاصے دلبرداشتہ تھے۔

(جاری ہے)

ننھا بلا شبہ پاکستانی فلمی تاریخ میں ایک بہت بڑا اور معتبر نام ہے جس نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ایسا مقام پید ا کیا جو فلم بینوں کو ہمیشہ یاد رہے گا۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں درجنوں یادگار فلموں میں کام کیا جن میں دبئی چلو، سوہرا تے جوائی، سالا صاحب، دوستانہ، نوکر تے مالک، سونا چاندی، دلاں دے سودے، قدرت، مرزا مجنوں، رانجھا، صاحب جی، چوڑیاں اور مہندی جیسی قابل ذکر فلمیں ہیں۔

ننھا نے تمام عمر مسکراہٹیں بانٹیں لیکن انکی زندگی کا ڈراپ سین بہت پر درد تھا جسے لوگ 32 سال گزرنے کے باوجود بھی نہیں بھلا سکے۔ لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والا یہ ہر دل عزیز فنکار2جون 1986کواپنے پرستاروں اور چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر اس دارفانی سے رخصت ہو گیا۔ ننھا کی ٹائٹل رول پر مشتمل فلم سالا صاحب نے لاہور میں مسلسل 300 ہفتے تک زیر نمائش رہ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔

ننھا اور رنگیلا کی فلمی جوڑی کو شائقین نے بے پناہ پذیرائی بخشی جبکہ فلمی ہیروئنوں میں ممتاز، انجمن، مسرت شاہین، رانی، دردانہ رحمن اور نازلی وغیرہ کو بھی خوب پسند کیا جاتا تھا۔ننھا کی بطور ہیرو اور کامیڈین سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی نازلی کے ساتھ تھی۔ ننھا پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک معتبر نام تھا جس نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں فلمی دنیا میں ایک اہم مقام حاصل کیا جسے فلم بین اور شائقین ہمیشہ یاد رکھیں گی
وقت اشاعت : 31/05/2023 - 22:53:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :