کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں: چودھری ظہیرالدین، کامل علی آغا ،

پاک بھارت امن کا راستہ کشمیر سے گزرتا ہے، ظہیرالدین، یواین او کی قراردادوں پر عمل نہ کرکے بھارت سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا اہل نہیں، سینیٹر کامل آغا ، اوبامہ کی آمد پر کشمیریوں نے یوم سیاہ منا کر فیصلہ سنا دیا، عمران مسعود، عطیہ عنایت اللہ، آمنہ الفت، انجینئر شہزاد الٰہی، میاں منیر کا یوم کشمیر پر خطاب

جمعرات 5 فروری 2015 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں عمران مسعود نے یہاں مسلم لیگ ہاؤس میں یوم یکجہتی کشمیر پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے، 65سال سے کشمیریوں کو حق استصواب رائے دینے کی قرارداد پر عمل نہ ہونا افسوسناک ہے، کشمیر میں 8لاکھ بھارتی افواج کی تعیناتی کے باوجود کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا، مسئلہ کشمیر کو حل کرانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔

چودھری ظہیر الدین نے کہا کہ پاک بھارت امن کا راستہ کشمیر سے گزرتا ہے، نریندر مودی تشدد اور انتہا پسندی سے دور رہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، مقبوضہ ریاست میں حالیہ ڈھونگ کو کشمیریوں نے مسترد کر دیا ہے، امریکی صدر اوبامہ کی بھارت آمد اور یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کو امریکیوں کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ کشمیریوں نے تحریک آزادی کو تسلسل کے ساتھ قربانیاں دے کر زندہ رکھا، کشمیر پر 65سال سے اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد نہ کر کے بھارت سکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت کا اہل نہیں بلکہ یہ اقوام عالم کے چہرے پر سیاہ دھبا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں، کشمیری نوجوانوں کو بھارت منتقل کیا جا رہاہے۔ میاں عمران مسعود سابق وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہماری جماعت اور پوری پاکستانی قوم کیلئے انتہائی اہم ہے، بھارت کے اندر علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں اس لیے بھارت کشمیریوں کی آزادی سے ڈرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور لاکھوں انسانوں کی شہادت کے معاملے کو انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس اور عالمی اداروں میں نہیں ا ٹھایا گیا، بھارت ہمارے دریاؤں کا پانی روک کر آبی جارحیت بھی کر رہا ہے، پاکستان کو اسے عالمی سطح پر اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

تقریب سے سینئر مسلم لیگی رہنما میاں محمد منیر، انجینئر شہزاد الٰہی، عطیہ عنایت اللہ، آمنہ الفت نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اس مسئلہ کو اجاگر کرنے کیلئے سفارتی سرگرمیاں تیز کرے، صدر اوبامہ کی بھارت آمد پر کشمیریوں نے یوم سیاہ منا کر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ سیمینار میں متفقہ قرارداد کے ذریعے اقوام متحدہ کی کشمیریوں کے حق خودارادیت کی قرارداد پر عملدرآمد نہ کرانے پر بھارت کو سلامتی کونسل میں مستقل نشست نہ دینے اور بھارتی افواج کو کشمیر سے فوری نکالنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس نے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے، بھارتی آبی جارحیت اور کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کی ہلاکت کی پرزور مذمت کی۔ سیمینار میں مسلم لیگی رہنما خواجہ طاہر ضیاء، شیخ عمر حیات، سید بلال مصطفی شیرازی، میاں فراز اعوان، سہیل چیمہ، ناصر رمضان گجر، تنویر اعظم چیمہ، سجاد بلوچ، اقبال خان، تمکین آفتاب، شہزاد چیمہ، نصیر آرائیں، میاں کامران سیف، وسیم رومی، شیخ عمر سمیت ونگز کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی، ایم ایس ایف کے نوجوان کشمیر اور مونس الٰہی کے حق میں مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔

متعلقہ عنوان :