مغرب کی طرز پرلباس پہننے کی وجہ سے کوئی بڑا فنکار نہیں بن جاتا ‘ اداکارہ لیلیٰ

اگر دوبارہ عروج حاصل کرنا ہے تو اپنے اصل کی طرف لوٹ کر اپنی ثقافت کو پروموٹ کرنا ہوگا

اتوار 8 فروری 2015 12:31

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8فروری 2015ء) فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ لیلیٰ نے کہا ہے کہ مغرب کی طرز پرلباس پہننے کی وجہ سے کوئی بڑا فنکار نہیں بن جاتا بلکہ جو اچھا کام کرے گا وہ زیادہ عزت اور شہرت پائے گا ، موجودہ دور کی فلموں ‘ٹی وی ڈراموں اور ماڈلنگ میں صرف گلیمر ہی بچاہے اور کام بہت دور چلا گیا ہے ۔ ایک انٹر ویو میں اداکارہ نے کہا کہ لباس کسی بھی انسان کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے اس لئے میں اس بارے میں بڑی محتاط رہتی ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں صرف مغرب طرز کالباس کسی فنکار کو جانچنے کا ہرگز پیمانہ نہیں ہو سکتا بلکہ اسکی اداکاری پر ہی اسے نمبر دئیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اگر دوبارہ عروج حاصل کرنا ہے تو ہمیں اپنے اصل کی طرف لوٹنا ہو گا اور اپنی ثقافت کو پروموٹ کرنا ہوگا ۔اداکارہ نے کہا کہ شوبز میں چند سازشی عناصرمیرے خلاف جھوٹی خبریں لگواتے ہیں کہ لیلیٰ فلاپ ہو گئی ہے میں ایسے لوگوں کے لئے صرف دعا ہی کر سکتی ہوں کہ خدا ان کو بھی عزت و ہدایت عطا فرمائیں ۔

وقت اشاعت : 08/02/2015 - 12:31:37