نامور گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی97 ویں سالگرہ منائی گئی

جمعرات 21 ستمبر 2023 18:31

نامور گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی97 ویں سالگرہ منائی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2023ء) پاکستان کی نامور گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی جمعرات کے روز97 ویں سالگرہ بھر پور طریقے سے منائی گئی،ملکہ ترنم نور جہاں کی پرکشش شخصیت اور آواز کا آج بھی ہر کوئی دیوانہ ہے۔ ملکہ ترنم نور جہاں21 ستمبر 1926 کو بابا بلھے شاہ کی نگری قصور میں پیدا ہو ئی،ان کا اصل نام اللہ رکھی وسائی تھا، ملکہ ترنم نے بڑے ہو کر نور جہاں کے نام سے شہرت پائی۔

نور جہاں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1935 میں بطور چائلڈ سٹار فلم'' پنڈ دی کڑیاں'' سے کیا،جس کے بعد'' انمول گھڑی'' ''ہیر سیال'' اور سسی پنوں جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔نور جہاں نے سدا بہار آواز کے ساتھ بچپن میں ہی گلوکاری اور اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور74 سالہ کیریئر میں مختلف زبانوں میں تقریبا 20 ہزار سے زائد گیت گائے اور انہیں اپنی آواز سے یادگار بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے 1935 سے 1963 تک فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے فن کا بھی مظاہرہ کیا اور مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ کیلئے اپنی خاص جگہ بنائی ۔انہوں نے جہاں ان گنت مقبول گیت گائے، وہیں 40 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔عظیم فنکارہ اور گلوکارہ نے جہاں اپنے گیتوں سے پاکستان کا نام دنیا بھرمیں روشن کیا وہیں اپنے جنگی نغموں سے عوام اور فوجی جوانوں کا خون بھی گرمائے رکھا۔ملکہ ترنم نور جہاں کو فنی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز سمیت متعدد ملکی و غیرملکی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ملکہ ترنم نور جہاں 23 دسمبر 2000 کو شدید علالت کے بعد دنیا فانی سے رخصت ہو گئیں۔
وقت اشاعت : 21/09/2023 - 18:31:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :