تیسرے سروس ہم ایوارڈز 2015ء کی نامزدگیوں کا اعلان

جمعہ 3 اپریل 2015 16:50

تیسرے سروس ہم ایوارڈز 2015ء کی نامزدگیوں کا اعلان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء)ہم نیٹ ورک کے زیر اہتمام پاکستان ٹیلی وژن صنعت کے سب سے معروف اور بڑے ایوارڈ شو ”سروس ہم ایوارڈز 2015“ کے لئے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سروس ہم ایوارڈز 2015میں پاکستانی تفریحی صنعت سے وابستہ کئی نامور ناموں اور سال 2014میں ہم ٹی وی سے نشر کئے گئے ڈراموں ‘ سوپ سیریلوں اور ٹیلی فلموں کے درمیان ہم ایوارڈ کے حصول کے لئے 24مختلف کیٹیگریوں میں مقابلہ ہوگا۔

ٹیلی وژن کے لئے نامزدگیوں کو مختلف شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں بہترین اداکار ‘ بہترین اداکارہ‘ بہترین مزاحیہ ڈرامہ‘ بہترین ٹیلی فلم‘ بہترین نیا چہرہ‘ بہترین اداکارہ برائے سوپ‘ بہترین اداکار برائے سوپ‘ بہترین سوپ‘ بہترین اداکارہ (معاون )‘ بہترین اداکار (معاون )‘ بہترین منفی کردار‘ بہترین اثرانگیز کردار‘ بہترین رائٹر اور بہترین ڈائریکٹر کی کیٹیگریاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس سال ہم ایوارڈز میں فیشن کی دو مقبول کیٹیگریاں شامل کی گئی ہیں جن میں بہترین ماڈل(مرد) اور بہترین ماڈل (خاتون) کے لئے نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ میوزک کے شعبے میں بہترین گانے اور بہترین میوزک وڈیو کے لئے بھی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ناظرین کی پسندیدہ جوڑی ‘ نئے چہرے اور پاکستانی تفریحی صنعت کے لئے گراں قدر خدمات انجام دینے والے فنکاروں کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ٹیلی نار کے اشتراک سے منعقد کئے جانے والے تیسرے سروس ہم ایوارڈز کا انعقاد 9اپریل کو دبئی میں کیا جارہا ہے جبکہ ایوارڈشو ہم ٹی وی سے بین الاقوامی سطح پر نشر کیا جائے گا۔

وقت اشاعت : 03/04/2015 - 16:50:52