ٹیوٹا اور حکومت پنجاب انرجی ڈیپارٹمنٹ کے مابین سولر پاورٹیکنیشن کی تربیت کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب جہانزیب خان نے ٹیوٹا سیکریٹریٹ میں معاہدے پر دستخط کئے دونوں ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدے کا مقصدمشترکہ تعاون کے ساتھ سولر فوٹوولٹک ٹیکنیشنز کو تربیت فراہم کرنا ہے‘ عرفان قیصر شیخ

پیر 13 اپریل 2015 18:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اپریل۔2015ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) اور حکومت پنجاب انرجی ڈیپارٹمنٹ کے مابین سولر پاورٹیکنیشن کی تربیت کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب جہانزیب خان نے گزشتہ روز(پیر) ٹیوٹا سیکریٹریٹ میں دستخط کئے ۔

دونوں ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدے کا مقصدمشترکہ تعاون کے ساتھ سولر فوٹوولٹک ٹیکنیشنز کو تربیت فراہم کرنا ہے۔اس تربیتی کورس کیلئے ٹریننگ ٹیوٹا ادارے اور قائد اعظم سولر پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی میں دی جائے گی تاکہ زیر تربیت افرادی قوت کو تکنیکی مہارت کی تربیت دی جاسکے جسکی ضرورت پنجاب میں شمسی توانائی کے منصوبوں کی تنصیب ،کارکردگی اوردیکھ بھال کیلئے ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ اسد رحمان گیلانی، چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، فوکل پرسن قائد اعظم سولر پرائیویٹ لمیٹڈ ڈاکٹر رانا عبدالجبار خاں، جنرل منیجرزٹیوٹا حامد غنی انجم، عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، ڈائریکٹر آر اینڈ ڈی ڈاکٹر افتخار حسین شاہ اور دیگر ٹیوٹا افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر عرفان قیصر شیخ نے مفاہمت کی یادداشت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ 6 ماہ کی مدت کے کورس کو گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی (جی سی ٹی)بہاولپورمیں شروع کیا جائے گا جبکہ عملی تربیت ( آن جاب ٹریننگ)قائد اعظم سولر پرائیویٹ لمیٹڈ 100MW منصوبے کی سائٹ پر دی جائے گی جو1500 ایکڑ کی اراضی پر بہاولپور کے قریب چولستان ڈیزرٹ میں واقع ہے۔

مشینری اور عملی تربیت کاسامان انرجی ڈیپارٹمنٹ فراہم کرے گا۔ اس کورس کیلئے 2 سا لہ سرٹیفکیٹ ان انڈسٹریل الیکٹرونکس ، انسٹرومینٹیشن اورتین سالہ ڈی اے ای الیکٹریکل، الیکٹرانکس اور ٹیلی کام کے ڈپلومہ ہولڈر داخلے کیلئے اہل ہونگے ۔ ٹیوٹا نصاب، فیکلٹی اور ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ /پنجاب بورڈآف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ذریعے امتحان اور سرٹیفیکیشن فراہم کرے گا۔

امتحان پاس کرنے کے بعدکامیاب امیدواروں کو ٹیوٹا اورانرجی ڈیپارٹمنٹ مشترکہ سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔ اس منصوبے سے طالب علموں کیلئے مقامی اور عالمی سطح پرروزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہو گا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب جہانزیب خان نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو مکمل اختیار ہے کہ سرکاری و نجی شعبے کے ذریعے توانائی کے منصوبے اور مطلوبہ ریگولیٹری فریم ورک قائم کرسکتے ہیں۔

اس وقت صوبہ پنجاب ماہر پیشہ ور افرادکیلئے سرمایہ کاری کرنے کیلئے موضوع ہے۔ پنجاب کو مواقع اور ترقی کیلئے بہت زیادہ صلاحیت کے باوجود صنعتی ترقی کیلئے بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ توانائی کے بحران کے پیش نظر حکومت پنجاب نے توانائی کے شعبے میں اپنا فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ انرجی ڈیپارٹمنٹ صوبے میں بجلی کی پیداوار اور تیل اور گیس کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ انرجی ڈیپارٹمنٹ کے تحت قائد اعظم سولر پرائیویٹ لمیٹڈ پاکستان کی پہلی 100MW شمسی توانائی کے منصوبے قائم کرنے والی کمپنی ہے جہاں پلانٹ کو چلانے کیلئے سولر پی وی ٹیکنیشن کی تربیت کی ضرورت ہے جنہیں ٹیوٹا پنجاب کے ذریعے ٹریننگ دے کر مشترکہ تعاون سے حاصل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :