مشی خان بجلی کے مہنگے بلوں کیساتھ فنکاروں پر بھی برہم

عوام بجلی کے بل کی ادائیگی کیلئے قیمتی اشیاء ،اعضاء فروخت کرنے پر مجبور ،ساتھی فنکار ،سوشل میڈیا انفلوئنسرز معاوضہ لیکر تشہیری مہم چلا رہے ہیں، اداکارہ

جمعہ 5 جولائی 2024 19:55

مشی خان بجلی کے مہنگے بلوں کیساتھ فنکاروں پر بھی برہم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2024ء) اداکارہ مشی خان نے بجلی کے مہنگے بلوں پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ساتھی فنکاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ مشی خان نے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ساتھی فنکاروں سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ملک ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے، عوام بجلی کے بل بھرنے کی خاطر اپنی قیمتی اشیاء اور یہاں تک کہ اپنے اعضاء فروخت کرنے پر مجبور ہیں ایسے میں ساتھی فنکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز معاوضہ لے کر تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں معاوضے کے عوض تشہیری مہم چلانے کی نہیں بلکہ پیسے جمع کر کے قرضہ واپس کرنے کی ضرورت ہے۔مشی خان نے کہا ہے کہ ساتھی فنکاروں کا ضمیر سو گیا ہے جو کبھی تھوڑے سے معاوضے کی خاطر بک جاتے ہیں تو کبھی فلسطین کا غم بھلا کر، جب پوری دنیا بائیکارٹ کر رہی ہے تو یہ بیرونِ ملک ایوارڈ شوز میں شرکت کرنے چلے جاتے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہمارے فنکاروں کو انکار کرنا نہیں آتا، کیا انہیں احساس نہیں ہے کہ اس وقت معاشرے میں کیا ہو رہا ہے، پرتعیش زندگی گزارتے ہیں ایسے میں عام عوام کا دکھ درد نظر نہیں آتا ہے ۔
وقت اشاعت : 05/07/2024 - 19:55:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :