ہدایت کار الطاف حسین کی وفات سے فلم انڈسٹری میں بڑا خلا پیدا ہوگیا،فرح دیبا

بدھ 18 ستمبر 2024 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی کوآرڈینیٹر برائے کلچر و نیشنل ہیرٹیج فرح دیبا نے ہدایت کار الطاف حسین کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات سے فلم انڈسٹری میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔بدھ کواپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین فلم انڈسٹری کا ایک قیمتی اثاثہ تھے جن کی ہدایت کاری اور منفرد انداز نے انڈسٹری کو کئی یادگار فلمیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا نعم البدل ملنا مشکل ہے اور ان کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی،الطاف حسین کی فلمیں نہ صرف ناظرین میں مقبول رہیں بلکہ ان کے کام نے فلمی دنیا میں ایک معیار قائم کیا، ان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلموں نے نہ صرف پاکستانی سینما کو عروج دیا بلکہ انڈسٹری کو نئی سمت بھی عطا کی۔

(جاری ہے)

فرح دیبا نے مزید کہا کہ الطاف حسین جیسے باصلاحیت ہدایت کار کی وفات سے انڈسٹری میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پورا کرنا آسان نہیں ہوگا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔فلم ڈائریکٹر الطاف حسین گزشتہ روز منگل کو 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ الطاف حسین نے 80 سے زائد فلمیں بنائیں، انہیں شہرت فلم ’صاحب جی ‘ سے ملی تھی۔اس فلم میں انجمن ہیروئن اور علی اعجاز ہیرو تھے۔ان کی شادی اداکارہ عالیہ اور پھر گلوکارہ شمسہ کنول سے ہوئی تھی۔\932
وقت اشاعت : 18/09/2024 - 17:38:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :