خلیل الرحمن قمر کی سپرداری کی درخواست منظور، رجسٹریشن بک واپس کرنے کا حکم

منگل 1 اکتوبر 2024 15:54

خلیل الرحمن قمر کی سپرداری کی درخواست منظور، رجسٹریشن بک واپس کرنے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2024ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر کی ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس میں اپنے سامان کی حوالگی کے لئے دائر سپرداری کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو گاڑی کی رجسٹریشن بک واپس کرنے کا حکم دے دیا ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے خلیل الرحمن قمر کی سپرداری درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ جاری کیا۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو خلیل الرحمان قمر کے وکیل محمد مدثر چوہدری کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ان کی رقم اور گاڑی کی رجسٹریشن بک انہیں سپرداری پر دی جائے،درخواست گزار کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پولیس نے ملزمان سے ان کی گاڑی کی رجسٹریشن بک اور 2 لاکھ 40 ہزار روپے برآمد کئے ہیں جو ان کے ہیں،مزید یہ کہ ملزمان نے ان کا اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرتے ہوئے بینک سے رقم نکالی تھی،خلیل الرحمان قمر کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمے کی اشیا (مال مقدمہ) انہیں سپرداری پر دی جائیں،اس کیس میں آمنہ عروج،حسن شاہ اور دیگر ملزمان پر خلیل الرحمن قمر کے اغوا کا الزام ہے،مرکزی ملزمہ آمنہ عروج،شریک ملزم حسن شاہ،رفیق عرف فیکی اور دیگر ملزمان اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

وقت اشاعت : 01/10/2024 - 15:54:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :