معروف اداکار جان ریمبو کی پہلی پشتو فلم قربان دا جانان 4اکتوبر کو سینمائوں کی زینت بنے گی

جمعرات 3 اکتوبر 2024 17:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2024ء) پشتو فلموں کے معروف نوجوان ہدایتکار شاہد عثمان اور فلمساز و اداکار اصغر چیمہ کی نئی پشتو فلم ’’قربان د جانان ‘‘میں معروف اداکار افضل خان عرف جان ریمبو پہلی بار جلوہ گر ہورہے ہیں۔اداکار جان ریمبو کی پہلی پشتو فلم 4 اکتوبر بروز جمعہ خیبر پختونخوا اور کراچی کے سینمائوں میں ایک ساتھ ریلیز ہوگی ۔

فلم کے ڈائریکٹر شاہد عثمان اور کاسٹ کی فلم کی کامیابی سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور فلم کو کہانی ٗڈائریکشن ٗلوکیشن اور مکالموں کے لحاظ سے ایک بہترین فلم قر اردے رہے ہیں ۔فلم کی کاسٹ میں اداکار افضل خان عرف جان ریمبو ٗ اصغر چیمہ ٗوقار جانی ٗآصف خان ٗبسمہ چوہان ٗ سلمی سواتی ٗ دلبر منیر ٗعمران خٹک ٗخالدہ یاسمین اور نسیم پہلوان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فلم کے ڈائریکٹر شاہد عثمان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات پشتو فلم انڈسٹری کیلئے ساز گار نہیں جس میں فلمیں بنانا گھاٹے کا سودا ہے لیکن ابتر صورتحال کے باوجود ہم نے رسک لیکر نئے چہروں کے ساتھ ہٹ کر فلم تیار کی ہے جس میں ہیرو سمیت متعدد نئے چہروں کو مواقع فراہم کئے گئے تاکہ فلم انڈسٹری میں نمایاں تبدیلی لائی جاسکے ۔

’’قربان دجانان ‘‘میں کوشش کی ہے کہ معاشرے میں پائے جانیوالے مختلف مسائل کو اجاگر کرکے سبق آموز فلم دے سکیں ۔اس کوشش میں کس حد تک کامیاب ہوئے ہیں اسکا بہتر جواب شائقین فلم اور میڈیا دے سکتی ہے ۔بہتر فلمیں بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن سینمائوں کی حالت کافی ابتر ہے اور خاص کر شائقین کے لئے بیٹھنے سمیت دیگر ساز گار ماحول نہیں ،ہمیں یقین ہے کہ جس طرح پشتو فلموں میں تبدیلی لارہے ہیں اسی طرح سینما ئوں کی حالت بھی بہتر بنانے کی کوشش کرینگے ۔

شاہد عثمان نے کہا کہ پشتو فلم انڈسٹری اور سینما ئوں کی بحالی کے حوالے سے فلم انڈسٹری سے وابستہ سینما مالکان ٗڈائریکٹرز ٗفلمسازوں اور اداکاروں نے حکومت اور ذمہ داروں سے کئی بار ملاقاتیں کیں لیکن حکومت کی طرف سے صرف زبانی وعدوں کے علاوہ تاحال عملی طورپر کچھ بھی نہیں کیاگیا ہے جس کے بعد سب مایوس ہوگئے ہیں اور حکومت کی سرد مہری فلم انڈسٹری کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے انہوں نے کہاکہ میری فلم دیگر فلموں سے ہٹ کر ہے جس کی کہانی ٗمکالمے اور موسیقی لاجواب ہے مجھے یقین ہے کہ ہم روٹھے ہوئے شائقین کو دوبارہ سینما گھروں کی طرف کھینچیں گے۔\932
وقت اشاعت : 03/10/2024 - 17:23:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :