تھیڑز میں بے حیائی اور فحاشی پھیلانے کی ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی،عظمی بخاری

ہفتہ 25 جنوری 2025 22:39

تھیڑز میں بے حیائی اور فحاشی پھیلانے کی ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی،عظمی بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2025ء) وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ تھیڑز میں بے حیائی اور فحاشی پھیلانے کی ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی، پنجاب حکومت جلد تھیڑز کیلئے نئی قانون سازی کرنے جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو تھیڑ مالکان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ جو اداکار تھیڑز میں فحاشی،بے حیائی اور بیہودگی پھیلانے کی کوشش کریں گے ان پرتاحیات پابندی اور تھیڑز کے لائسنس کینسل کر دیئے جائیں گے ۔

انہوں نے پنجاب آرٹس کونسل کو تمام تھیڑز مالکان سے انڈرٹیکنگ لینے کے بعد سیل شدہ تھیڑز کو کھولنے کا حکم دیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ہوتے ہوئے تھیڑز میں بے حیائی اور فحاشی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پنجاب میں ایسے تھیڑز ڈرامے بننے چاہیے جہاں فیملیز دیکھنے آئیں، تھیڑز ڈرامے سماجی موضوعات پر مبنی ہونے چاہیے جس سے عوام کی رہنمائی ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن تھیڑز مالکان اور اداکاروں کو فحاشی پھیلانے کا شوق ہے وہ پنجاب میں ڈرامہ نہیں کرسکتے،پنجاب کے تھیڑز دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان ہوتے تھے،حکومت جلد تھیڑز کیلئے نئی قانون سازی کرنے جارہی ہے۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ تھیڑز مالکان فیملی ڈرامے بنائیں حکومت انکو مکمل سپورٹ کریگی، عظمی بخاری نے کہا کہ تھیڑز کو آخری وارننگ دی جارہی ہے جس تھیڑ نے رولز کی خلاف ورزی کی اس کا لائسنس کینسل کردیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 25/01/2025 - 22:39:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :