پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا کا ایک اور مضحکہ خیز کارنامہ ، گلوکار چاہت علی خان کو پاکستانی پائلٹ بنا دیا ، گرفتاری کا دعوی

منگل 13 مئی 2025 23:07

پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا کا ایک اور مضحکہ خیز کارنامہ ، گلوکار چاہت علی خان کو پاکستانی پائلٹ بنا دیا ، گرفتاری کا دعوی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2025ء) بھارت اور پاکستان کے مابین حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ان کی متعدد ائیر فیلڈ کو تباہ کیا جس کے بعد بھارتی میڈیا یہ دعویٰ کرتے نظر آئے کہ انہوں نے پاکستانی پائلٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔انڈین میڈیا پر پاکستانی پائلٹ کی جو تصویر دکھائی گئی وہ اصل میں کسی پاکستانی پائلٹ کی نہیں بلکہ اپنی انوکھی گلوکاری سے شہرت پانے والے پاکتسانی گلوکار چاہت فتح علی خان کی تھی۔

انڈین میڈیا کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو پاکستانی صارفین اس کا مذاق بناتے نظر آئے کہ یہ تو کمال ہو گیا کہ انڈیا نے ہمارا پائلٹ چاہت فتح علی خان پکڑ لیا ہے۔ان ویڈیوز پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا سینسیشن چاہت فتح علی خان کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران انڈین میڈیا چینلز نے مجھے پاکستانی یونیفارم پہنا دی اور ظاہر کیا کہ میں پاکستانی ایئر فورس کا پائلٹ ہوں جو گرفتار ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ بڑی بڑے انڈین اینکرز مجھے یونیفارم پہنا کر بات کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی 30 ریاستوں میں میرے فینز ہیں انہوں نے اس خبر کے بعد مجھے فون کرنا شروع کر دیے، یورپ سے فون آئے کہ آپ ٹھیک ہیں۔چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ لوگ انہیں افواجِ پاکستان میں شامل ہونے پر مبارکباد دے رہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا کی خوبصورت اداکاراؤں نے مجھے فون کیے ہیں کہ آپ انڈیا آئے ہیں اور ہم سے ملے بغیر واپس چلے گئے ہیں۔ جس پر میں نے کہا کہ انشاء اللہ پھر آجائیں گے۔
وقت اشاعت : 13/05/2025 - 23:07:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :