مہمند ایجنسی خویزئی قوم کاگورنرخیبرپختونخوا سے انصاف دلانے کامطالبہ

مخالفین جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، پولیٹیکل انتظامیہ ان کیساتھ ملے ہوئی ہے ،علی حیدر کی پریس کانفرنس

بدھ 8 جولائی 2015 20:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جولائی۔2015ء)مہمند ایجنسی خویزئی قوم سے تعلق رکھنے والے علی حیدر نے جائیدا د تنازعہ میں جانبداری کا مظاہرہ کرنے پر پولیٹیکل انتظامیہ کیخلاف کارروائی کرنے اور گورنر خیبرپختونخوا اور اعلی حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔گزشتہ روزپشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی حیدر کا کہنا تھا کہ مخالف نواب اور اسکے بیٹے عبدالمتین نے ان کے اراضی پر ناجائز قبضہ کر رکھاہے اور پولیٹیکل انتظامیہ کو رقم دیکر میری جائیداد میں سے اپنے لئے گزرگاہ کا بندوبست کررہاہے۔

(جاری ہے)

ان کامزید کہنا تھا کہ قبائلی مشران نے مسئلہ حل کرنے کیلئے جرگہ بھی بلایا لیکن مخالف فریق نے انتظامیہ کے ساتھ ملکرجرگہ کے فیصلے سے پہلے ہی میری زمینوں پر ٹریکٹر چلائے اور روکنے پر مجھے اور میرے گھر والوں کو زدوکو ب کرکے بعد میں تشدد کا نشانہ بھی بنایاگیا۔ انہوں نے کہاکہ پولیٹیکل انتظامیہ نے لیوی اہلکاروں کی مدد سے جیل میں بند کردیا اور بعد میں ضمانت پر رہائی ملی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گورنر خیبرپختونخوا واقعہ کا نوٹس لیکر جلد سے جلد تحصیلدار اور پولٹیکل انتظامیہ کیخلاف کارروائی کرکے راضی واگزر کرائیں۔