داعش کے خاتمے کیلئے برطانیہ کو مزید سرگرم ہونا پڑے گا برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون

دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے شام اور عراق سے داعش کا خاتمہ کیا جائے  انٹرویو

پیر 20 جولائی 2015 14:54

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جولائی۔2015ء) برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ داعش کے خاتمے کیلئے برطانیہ کو مزید سرگرم ہونا پڑے گا۔

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا دہشت گردی کی جس لہر کا سامنا کر رہی ہے اسے شکست دینے کے لیے ضروری ہے کہ شام اور عراق سے داعش کا خاتمہ کیا جائے، ان کی حکومت اس بین الاقوامی اتحاد کا حصہ ہے جو دونوں ممالک میں داعش کے ٹھکانوں پر گزشتہ کئی ماہ سے فضائی حملے کر رہا ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ داعش کے خلاف برطانیہ کو مزید سرگرمی دکھانا پڑے گی۔

ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ ایسے شدت پسند نظریات کو بھی شکست دی جائے جس کا براہِ راست تشدد سے تعلق نہ ہو۔ انہیں امید ہے کہ ان کی حکومت برطانیہ کے نوجوانوں کو داعش اور اس کے نظریات کا شکار ہونے سے بچانے میں کامیاب رہے گی۔واضح ر ہے کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق داعش میں کئی درجن برطانوی بھی شامل ہیں جو انٹرنیٹ پر موجود شدت پسند مواد سے متاثر ہوکر داعش میں بھرتی ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :