فلم ”یلغار“ میں میرا انتخاب ایک چیلنجنگ کردار ہے‘ اداکارہ عائشہ عمر

جمعرات 23 جولائی 2015 11:23

فلم ”یلغار“ میں میرا انتخاب ایک چیلنجنگ کردار ہے‘ اداکارہ عائشہ عمر

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء) ”یلغار“ کے ڈائریکٹر پروڈیوسر نے اسکرپٹ لکھنے کے دوران ہی میرا انتخاب کرلیا تھا، یہ چیلنجنگ کردار ہے جس کی 80 فیصد شوٹنگ کروا چکی ہوں۔ آئندہ ہفتہ کامیڈی میوزیکل رومانٹک فلم ”کراچی سے لاہور“ سینماوٴں میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار ماڈل واداکارہ عائشہ عمر نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا ۔

عائشہ عمر نے بتایا کہ میں نے زیادہ تر ہلکی پھلکی کامیڈی اور رومانٹک کردار ہی کیے ہیں مگر جب پروڈیوسر وڈائریکٹر حسن وقاص رانا نے فلم ”یلغار“ میں ایک سواتی لڑکی کے کردار کے لیے کہا جو ایک حقیقی واقعے پر مبنی ہے ۔ یہ میرے لیے ایک چیلنج تھا جس کے لیے مجھے کافی محنت کرنا پڑی۔اس کی شوٹنگ سوات سمیت دیگر حقیقی مقامات پر ہی کی گئی ہے جہاں پر کہانی کے مطابق حالات وواقعات نے اتنا جذباتی کیا کہ شوٹنگ کے دوران 5 روز تک میں نے روتے ہوئے ہی سین عکسبند کروا ئے۔

(جاری ہے)

اس کا کریڈٹ پروڈیوسر ڈائریکٹر کو ہی جاتا ہے جنہوں نے مجھ سے اتنا مشکل رول کروانے کے لیے بھرپور سپورٹ کیا۔ ”کراچی سے لاہور“ اس سے بالکل ہٹ کر کمرشل مصالحہ فلم ہے جس میں ایک ایسی لڑکی کا رول کر رہی ہوں جو اپنی محنت کے بل بوتے پر اپنا اور اپنے چھوٹے بھائی کی ذمے داریاں نبھا رہی ہے۔ جاوید شیخ میرے باپ کا رول کر رہے ہیں جب کہ شہزاد شیخ جو ہمارے پڑوس میں رہتے ہیں اس سے میری بالکل نہیں بنتی۔ اس فلم کے ٹریلر کا کافی اچھا رسپانس مل رہا ہے۔گانے کے حوالے سے عائشہ عمر نے کہا کہ ”کراچی سے لاہور“ کے لیے پلے بیک سنگنگ کی ہے جو پرستاروں اور فلم بینوں کے لیے سرپرائز ہوگا۔

وقت اشاعت : 23/07/2015 - 11:23:08

Rlated Stars :