قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق ہفتہ کو عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تحریک نفاذفقہ جعفریہ تحصیل کونسل فتح جنگ کے دفترسے احتجاجی ماتمی جلوس نکالا گیا

Zeeshan Haider ذیشان حیدر ہفتہ 25 جولائی 2015 20:04

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جولائی۔2015ء )قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق ہفتہ کو عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تحریک نفاذفقہ جعفریہ تحصیل کونسل فتح جنگ کے دفترسے احتجاجی ماتمی جلوس نکالا گیا جس کی قیادت ٹی این ایف جے فتح جنگ ،ایم ایس او،ایم او،ایم ایف پی کے عمائدین کررہے تھے ۔جلوس کے شرکاء نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی تصادیر، مختلف بینر اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر جنت البقیع کی ازسرنوتعمیر کیلئے مطالبات درج تھے۔

جلوس کے شرکاء نوحہ خوانی اور ماتمداری کرتے ہوئے پریس کلب پہنچے جہاں جلوس نے جلسے کی شکل اختیار کرلی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید قمرحیدرزیدی نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کا خصوصی پیغام پڑھ کرسنایا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کی مسماری کا راستہ روک لیتی تو کسی کو بیت المقدس کو آگ لگانے کی جرات نہ ہوتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 8شوال کا احتجاج کسی ذات یا جماعت کیخلاف نہیں بلکہ عظیم اسلامی اور انسانیت کے ورثے کے تحفظ کے لئے ہے ۔ضلعی صدر سید چن پیر شاہ نے ریلی کے شرکاء اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ بزرگانِ دین کی عزت و حرمت ان کی زند گی میں واجب ہے اسی طرح بعدازحیات انکے مقابر اور مزارات کی تعظیم بھی لازم ہے۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت ملک محمد اسلم ،سید ظہیر حسین شاہ ،سید التجا کاظم ،سید محبوب حسین شاہ ،ذاکر خورشید حیدری،ذاکر سید عزادار حسین ،مولانا ارشد حسین ،سید فیاض حسین شاہ ،راجہ بشارت حسین، سردار نثار،سردار مظہر ،سردار نیاز احمد خان اور سردار عامرکر رہے تھے۔

اس موقع پر شرکائے مظاہرہ نے پُرجوش نعروں کی گونج میں مولانا ساجدعدنی کی جانب سے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی جس میں مسلم حکمرانوں پر زوردیا گیا کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلی کی ازسرنوتعمیر کیلئے برادر اسلامی ملک سعودی عرب پر سفارتی دباؤ ڈالیں ۔قرارداد میں واضح کیا گیا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ تمام عالم اسلام کا مشترکہ ورثہ ہیں لہذاانہیں کھلا شہر قراردیا جائے۔

قرارداد میں باورکرایا گیا کہ سفیر امن قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان پر لبیک کہتے ہوئے عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تمام مکاتب فکر کا مشترکہ اور نمائندہ اجتماع اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے حکومت ِپاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ و ہ سعودی عرب پر سفارتی سطح پر دباؤ ڈالے کہ وہ مزاراتِ مقدسہ کی عظمتِ رفتہ کو فوری بحال کرے کیونکہ مشاہیر اسلام کے آثار اسلام کی شان و شوکت کے وہ مراکز ہیں جہاں سے دنیا بھر کو درسِ ہدایت ملتا ہے ۔

قرارداد میں اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں پر زوردیاگیا کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے تاریخی اسلامی آثار کی عزت رفتہ کی بحالی کیلئے فوری عملی اقدامات کریں۔قبل از جلوس غلام شبیر حیدری کی رہائش گاہ پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شیخ اعجازحسین مدرس نے شعائر اﷲ اور بزرگان دین کے مزارات مقدسہ کی شرعی اور تاریخی اہمیت بیان کی ۔