سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کرنے میں موثر کردار ادا کر سکتی ہے‘ڈاکٹر عمر سیف

’’پیس فُل پاکستان‘‘ کے زیر اہتمام مباحثے کا انعقاد،عدیل ہاشمی، عمیر رانا اور فریحہ راشد نے مباحثے میں حصہ لیا،سانحہ ء پشاور کے متاثرہ بچوں کے والدین سمیت صحافیوں، طلبہ اور عوام نے بھی شرکت کی

بدھ 5 اگست 2015 20:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء ) پنجاب آئی ٹی بورڈ اور پیس فُل پاکستان کے اشتراک سے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں ’’ امن کابیانیہ اورانسدادِ دہشت گردی ‘‘ کے عنوان سے ایک مباحثہ منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کی۔ مقررین میں معروف ماہرین امن و ابلاغِ عامہ عدیل ہاشمی، عمیر رانا اور محترمہ فریحہ راشد شامل تھے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مباحثے کا مقصد جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیاکے ذریعے ملک میں مذہبی سیاسی اور ذہنی ہم آہنگی کا فروغ دیکر پاکستان کے مثبت پہلووں کواجاگر کرنا ہے کیونکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم اپنے پیچیدہ اور دیرینہ مسائل کم وقت میں اور موثر انداز میں حل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ یہ عام آدمی کے خیالات کو بدلنے اور مثبت انداز میں تبدیلی لانے کے لئے بہت موثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب پاکستان کے تمام لوگوں کے مابین ثقافت، مذہب اور نسل کے امتیاز سے بالا تر ہو کر یکجہتی پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔اسی لئے پُر امن پاکستان کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جو انٹرنیٹ پر سوشل میڈیا کے ذریعے ایسی کمیونٹی پیدا کرنا چاہتا ہے جو ہر قسم کی انتہا پسندی، دہشت گردی اور نفرت کا خاتمہ کر کے باہمی اخوت، اتحاد اور برداشت کو فروغ دے۔

مباحثے میں ماہرینِ تعلیم، طلبہ،دانشوروں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور عوام الناس نے شرکت کی۔ڈاکٹر عمر سیف نے زندگی کے تمام مکاتبِ فکر کو دعوت دیتے ہوئے اپیل کی کہ وہ ’’پُرامن پاکستان‘‘ کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کریں۔عدیل ہاشمی نے کہا کہ پیس فُل پاکستان حکومت کا ایک شاندار اقدام ہے جو ملک میں ایک مثبت تبدیلی لائے گا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھ کر اس تحریک میں زور شور سے اپنا کردار ادا کریں اور قائد اعظم کا پاکستان واپس لانے میں حکومت کی مدد کریں۔ عمیر رانا نے کہا کہ اب بالکل خاموش رہنے یا چیخنے کا وقت نہیں بلکہ اعتدال کا راستہ اپنا کر انتہا پسندی کو شکست دینے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اکٹھے ہو کر انسانیت کے دشمنوں کو مار بھگانا ہو گا۔

فریحہ راشد نے قائداعظم کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو مستحکم کرنے کے لئے پیس فُل پاکستان کی تحریک کا سرگرم حصہ بن جائے۔سانحہء پشاور کے متاثرہ بچوں کے والدین نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے امن اور اتحاد کے لئے کی گئی حکومتِ پنجاب کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ جس طرح وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہمارے زخموں پر مرہم رکھا ہے اور دکھی خاندانوں کی دلجوئی کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پیس فُل پاکستان جیسی تحریکوں کی اشد ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں آرمی پبلک سکول پشاور جیسے انسانیت سوز واقعات جنم نہ لے سکیں اور پاکستان حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بن جائے۔