انجمنِ اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی گلشنِ اقبال کیمپس کا وائس چانسلر ڈاکٹر ظفراقبال کی برطرفی کا خیر مقدم

پیر 10 اگست 2015 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اگست۔2015ء)انجمنِ اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی گلشنِ اقبال کیمپس کی صدر پروفیسر سیماناز صدیقی، انجمنِ اساتذہ عبدالحق کیمپس اور سینٹ میں اساتذہ کے نمائندے پروفیسر نجم العارفین، سیکریٹری جنرل ڈاکٹر شاہد اقبال اور نامزدگی کمیٹی میں اساتذہ کے نمائندے پروفیسر سید ناصر عباس نے اردو یونیورسٹی کے چانسلر و صدرِ پاکستان کی جانب سے اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفراقبال کی برطرفی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اردو یونیورسٹی کے بنیادی ادارے سینٹ اور چانسلر (صدرِ پاکستان) کے اقدامات کے نتیجے میں اردو یونیورسٹی تباہی سے بچ گئی ہے۔

ان رہنماؤں نے سینٹ کی اس قرارداد کو درست قدم قرار دیا کہ ظفر اقبال اور ان کی انتظامیہ کے معاملات نیب (NAB ) اور ایف آئی اے (F.I.A) کے حوالے کیے جائیں۔

(جاری ہے)

ان رہنماؤں نے مزید کہا کہ ظفر اقبال کا دور غیر قانونیت، غیر شفافیت اور طوائف الملوکی کا دور تھا۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی شریعت کورٹ کے سابق چیف جسٹس جسٹس حاذق الخیری کی قیادت میں قائم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سے ظفر اقبال پر لگائے گئے الزامات کی توثیق ہوگئی۔

ان رہنماؤں نے کہا کہ ظفر اقبال نے اپنے ارد گرد بدعنوان عناصر جمع کیے تھے جن کا محاسبہ ضروری ہے۔ ان رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ ظفر اقبال نے ملک کے سب سے مہنگے وکیل کو کروڑوں روپے فیس دے کر اپنی بدعنوانی کی تصدیق کی تھی۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ اردو یونیورسٹی کے قانون میں خامیوں کو دور کیا جائے تاکہ آئندہ یونیورسٹی اس طرح کی صورتحال کا شکار نہ ہو۔