وفاقی اردو یونیورسٹی کی انجمن اساتذہ کا پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کو قائم مقام وائس چانسلر بنانے کا خیر مقدم

بدھ 12 اگست 2015 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) وفاقی اردو یونیورسٹی کی انجمن اساتذہ کے صدر اور سینٹ میں اساتذہ کے نمائندے پروفیسر نجم العارفین ، انجمن اساتذہ گلشن اقبال کیمپس کی صدر پروفیسر سیما ناز صدیقی، انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر شاہد اقبال اور نامزدکنندہ کمیٹی میں اساتذہ کے نمائندے پروفیسر ناصر عباس نے صدرپاکستان اور اردو یونیورسٹی کے چانسلر ممنون حسین کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کو قائم مقام وائس چانسلر بنانے کا خیر مقدم کیا ہے۔

ان رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ صدرنے ڈاکٹر ظفر اقبال کو برطرف کرنے اور ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کو قائم مقام وائس چانسلر بنا کر اردو یونیورسٹی کو تباہی سے بچایا ہے۔

(جاری ہے)

ان رہنماؤں نے کہا کہ اردو یونیورسٹی کے بنیادی ادارے سینٹ کی جانب سے ڈاکٹر ظفر اقبال اور ان کی انتظامیہ کے خلاف معاملات نیب کو سپرد کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ظفر اقبال کا دور لاقانونیت، بدعنوانی اور طوائف الملوکیت کا دور تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد قوائد و ضوابط کے تحت یونیورسٹی کا نظام چلائیں گے۔ ان رہنماؤں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا محاسبہ ضروری ہے اور امید ہے کہ نئی انتظامیہ اس ضمن میں مناسب اقدامات کرے گی۔