پیپلز پارٹی کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ،سینیٹرز اور کراچی ڈویژن کے عہدیداروں کی اخونزادہ چٹان کے بیٹے کے اغوا کی شدید مذمت

پیر 17 اگست 2015 22:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ،سینیٹرز اور کراچی ڈویژن کے عہدیداروں نے فاٹا سے پارٹی کے رہنما اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مشیرسابق رکن قومی اسمبلی اخونزادہ چٹان کے کم سن دس سالہ معصوم بچے کے اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ظلم و بریت کی انتہائی دلخراش اور شرمناک کارروائی قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ بچے خواہ کسی دشمن کے ہی کیوں نہ ہوں وہ معصوم ہی ہوتے ہیں اور ان سے کسی قسم کی مخاصمت کا سوچا بھی نہیں جاسکتا لیکن طالبان دہشت گرد وہ عناصر ہیں جو دہشت و بربریت کے نام پر ماؤں کی گود اجاڑنے سے بھی نہیں چوکتے جس کی بدترین مثال آرمی پبلک اسکول و کالج پشاور کا المناک سانحہ ہے جس میں طالبان دہشت گردوں نے سینکڑوں بچوں کو شہید کیا۔

(جاری ہے)

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کئے گئے بیان میں انھوں نے کہا کہ انتہا پسندی کی سوچ لیکر پروان چڑھنے والے درندوں نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور شہباز بھٹی کو بھی اپنی درندگی کا شکار بنایا اور سابق وزیرآعظم سید یوسف رضا گیلانی اور سلمان تاثیر کے جواں سال بیٹوں کو بھی اغوا کیا جو تاحال اغواکاروں کے قبضے میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی حقیقی معنوں میں دہشت گردوں کے خلاف اور ان کی شدید مذمت کرتی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے جو آپریشن ضرب عضب کے سلسلے میں سب سے بڑی سیاسی حمایت کا درجہ رکھتی ہے اسی وجہ سے دہشت گرد نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے مرعوب کرنا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں ناکامی کے بعد اب معصوم بچوں کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے بطور ڈھال استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کی مذمت اور دنیا کو اس ناسور سے پاک دیکھنا چاہتی ہے اور خواہ اس کے لئے کتنی بھاری قیمت ہی کیوں نہ چکانی پڑے اپنے اصولی موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کو دن دھاڑے شہید کیا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کو اس کے اصولی موقف اور مشن سے پیچھے نہ ہٹا سکے۔

انھوں نے وفاقی حکومت اور تمام ریاستی اداروں سے اپیل کی کہ اخونزادہ چٹان کے کم سن اور معصوم بیٹے کی بحفاظت بازیابی کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انھوں نے اخونزادہ چٹان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں وہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک ایک کارکن ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑاہے۔