پی ٹی وی 20 شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ چھ کو پائیونیر ایوارڈ دے گا ، مرحومین شفیع محمد اور اسد امانت علی کو سپیشل ایوارڈ دیئے جائینگے

جمعہ 23 نومبر 2007 22:56

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار23 نومبر2007) پی ٹی وی کی 43 ویں سالگرہ کے موقع پر بیس شخصیات کو پی ٹی وی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جبکہ چھ شخصیات کو پی ٹی وی پائیونیر ایوارڈ دیئے جائینگے ، معروف فنکار شفیع محمد شاہ مرحوم اور معروف گلوکار اسد امانت علی خان مرحوم کی خدمات کے اعتراف میں انہیں سپیشل ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیاہے ، جمعہ کو ایم ڈی پی ٹی وی یوسف بیگ مرزا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب چھبیس نومبر کو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں ضیاء محی الدین ، نصرت فتح علی خان مرحوم ، شعیب منصور ، فریدہ خانم انور مغفور ، بشری انصاری ، فاطمہ ثریا بجیا ، جمیل الدین عالی ، کمال احمد رضوی ، روحی بانو، مہدی حسن ، ملکہ پکھراج ، نور جہاں ، سہیل رانا ، معین اختر ، شائستہ زید ، اشفاق احمد ، مہناز ، شہناز بیگم اور ناہید اختر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جبکہ محمد قوی خان ، طارق عزیز ، کنول نصیر ، ناصر مرزا ، طفیل نیازی اور قاری نور محدم کو پارٹیز ایوارڈ دیئے جائینگے ، مذکورہ شخصیات نے پی ٹی وی نشریات کے پہلے روز سے اپنی خدمات سر انجام دیں ،انہوں نے بتایا کہ مرحوم فنکار شفیع محمد شاہ اور گلوکار اسد امانت علی خان کو سپیشل ایوارڈ دیئے جائینگے ، تمام ایوارڈ کے ساتھ ایک لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ بھی دیا جائے گا ۔

وقت اشاعت : 23/11/2007 - 22:56:25

Rlated Stars :