حکومت پنجاب کے تحت ”پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ 2015 برائے موسیقی“کا انعقاد سال 2015ء کے لئے یہ ایوارڈ معروف لوک گلوکار اللہ دتہ لونے والا کو دیا گیا

جمعہ 18 ستمبر 2015 14:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر، محکمہ اطلاعات و ثقافت، حکومت پنجاب کے تحت ”پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ 2015 برائے موسیقی“ نوازنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ سال 2015ء کے لئے یہ ایوارڈ معروف لوک گلوکار اللہ دتہ لونے والا کو دیا گیا۔ اس ایوارڈ کی مالیت مبلغ 100,000/- روپے مع اعزازی شیلڈ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال یہی ایوارڈ نامور گلوکار شوکت علی کو دیا گیا تھا۔ صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز خان اور پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب الحاج رانا محمد ارشد نے اللہ دتہ لونے والا کو ایوارڈ پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ حکومت پنجاب زبان، فن اور ثقافت کے فروغ کے لئے ادباء، شعراء، فنکاروں اور گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ کی فن و ثقافت کے فروغ کے لئے خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ الحاج رانا محمد ارشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب کے زیر سایہ پنجاب کے فنون، ثقافت اور تاریخ کی حفاظت و اشاعت کے لئے اپنا خصوصی کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی زندہ مثال صوبہ پنجاب کے اندر کام کرنے والی آرٹس کونسلیں ہیں جن کی سر پرستی و اعانت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

پنجاب انسٹیٹیوٹ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صغرا صدف نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے اداکاروں، فنکاروں کی حوصلہ افزائی فن و ثقافت کے فروغ کا اہم حصہ ہے اور پنجاب انسٹیٹیوٹ اس طرح کے ایوارڈ کے ذریعے یہ فریضہ سر انجام دیتا رہے گا۔تقریب میں اللہ دتہ لونے والا نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا اور اپنے مقبولِ عام گیت پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لئے اور وہ ہر گیت پر داد دیتے ہوے بے ساختہ ان کے ہم نوا ہوگئے۔

اللہ دتہ لونے والا کے فرزند معروف گلوکار ندیم عباس لونے والا نے بھی اپنے مشہور گانے گا کر محفل لوٹ لی۔ موسیقی کی شان شوکت علی اور ان کے بیٹے عمران شوکت نے بھی گیتوں کے ذریعے اللہ دتہ لونے والا کو خراج تحسین پیش کیا۔ نامور گلوکارہ افشاں نے اپنی خوبصورت آواز میں پنجابی گیت پیش کر کے اللہ دتہ لونے والا کو خراج تحسین پیش کیا۔ ہر دلعزیز لوک گلوکار اکرم راہی نے بھی گیت کے ذریعے اللہ دتہ لونے والا کو ہدیہ تہنیت پیش کیا اور ان کو دور حاضر کا محبوب ترین گلوکار قرار دیا۔

ممتاز و منفرد لوک گلوکار عارف لوہار نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اللہ دتہ لونے والا کی موسیقی کے لیے خدمات کو سراہا اور مترنم خراج تحسین بھی پیش کیا۔ ان کے علاوہ زمن عباس، ریحان ہاشمی، ممتاز اقبال اور احسن علی نے بھی مترنم گیت پیش کر کے حاضرین کو بے حد محظوظ کیا۔ اللہ دتہ لونے والا نے تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے پرائیڈ آف پنجاب جیسے ایوارڈ کا آغاز کیا۔

پنجاب کی زبان، فن و ثقافت کے فروغ کے لئے انہوں نے پنجاب انسٹیٹیوٹ کی کاوشوں کی بھی تعریف کی اور اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ وہ اپنے فن کے ذریعے پنجاب کی زبان اور موسیقی کی خدمات جاری رکھیں گے۔ مزید برآں اللہ دتہ لونے والا کو خراج تحسین پیش کرنے والوں میں پی ٹی وی کے پروڈیوسر محسن جعفر، اداکار راشد محمود، گلوکار انور رفیع، گلوکار طارق طافو، استاد قادر علی شگن، ریڈیو پاکستان کے پروڈیوسر اور اللہ دتہ لونے والا کے صاحبزادے ظہیر عباس، ڈاکٹر نذیر چودھری اور ریحانہ اختر شامل تھے۔

انہوں نے اللہ دتہ لونے والا کی موسیقی کے لئے خدمات کو سراہا اور آنے والی نسلوں کے لئے ان کے گائے ہوئے گیتوں کو پنجاب کی ثقافت کا آئینہ دار قرار دیا۔ تقریب میں حاضرین نے اپنی بھر پور شرکت سے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کی عوام اپنے ہیروز کے لئے احترام و محبت کے جذبات رکھتے ہیں اور ان کی تعریف و ستائش کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

وقت اشاعت : 18/09/2015 - 14:18:31

Rlated Stars :