پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار یوسف خان کی 6ویں برسی کل منائی جائے گی

ہفتہ 19 ستمبر 2015 12:27

پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار یوسف خان کی 6ویں برسی کل منائی جائے گی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء ) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار یوسف خان کی 6ویں برسی کل ( اتوار ) 20ستمبر کو منائی جائے گی ۔ یوسف خان 10اگست 1931کو مشرقی پنجاب کے شہر فیروز پور میں پیدا ہوئے تھے۔ 1954ء میں ہدایتکار اشفاق ملک کی فلم ”پرواز “سے ان کی فلمی زندگی کا آغاز ہوا۔ اس فلم میں ان کی ہیروئن کا کردار صبیحہ خانم نے ادا کیا تھا۔

فلم ” پرواز “ کے بعد کئی برس تک یوسف خان اردو فلموں میں کام کرتے رہے جن میں مجرم، حسرت، بھروسہ، فیصلہ اور نیا دور کے نام شامل ہیں۔1962ء میں فلم ”پہاڑن “سے ان کی پنجابی فلموں کا دور شروع ہوا اور جلد ہی وہ پنجابی فلموں کے بھی مصروف ترین اداکار بن گئے۔ یوسف خان کی یادگار پنجابی فلموں میں ملنگی، یارانہ، باجی، ضدی، غیرت میراناں، وارنٹ، ہتھکڑی، حشر نشر، اتھرا، جگنی، شریف بدمعاش، قسمت، جبرو، خطرناک، جاپانی گڈی، بت شکن، حیدر خاں، دھی رانی اور بڈھاگجر کے نام سرفہرست ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی آخری فلم ”اتھرا “تھی جو 2006ء میں نمائش پذیر ہوئی تھی۔یوسف خان اور سلطان راہی کی جوڑی کو فلم بینوں نے ہمیشہ پسند کیا اور دو نوں اداکاروں کی ایک ساتھ فلم میں اداکاری فلم کی کامیابی ضمانت تصور کی جاتی تھی ۔ یوسف خان نے اپنی فن کارانہ زندگی میں لاتعداد اعزازات بھی حاصل کئے جن میں 2006ء میں حکومت پاکستان کی جانب سے عطا ء کردہ صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سرفہرست ہے۔

انہوں نے فلم ضدی، جبرو اور بت شکن اور فلم خدا گواہ میں بہترین اداکاری پر نگار ایوارڈ بھی حاصل کئے۔ اس کے علاوہ انہیں 1999میں نگار ملینئم ایوارڈ بھی دیاگیا ۔یوسف خان ایک طویل عرصہ تک فلمی فن کاروں کی تنظیم مووی آرٹسٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے روح و رواں بھی رہے۔ وہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی برآمد کے سب سے شدید مخالفین میں سے تھے اور ہمیشہ بھارتی فلموں کی برآمد پر مخالفت کرتے رہے مگر جب ان کی زندگی کی تمام تر جدوجہد کے باوجود پاکستان میں بھارتی فلمیں نمائش پذیر ہونے لگیں تو یہی صدمہ ان کی موت کا سب سے بڑا سبب بن گیا۔یوسف خان 20ستمبر 2009ء کو لاہور میں وفات پاگئیاوران کو قصور کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔

وقت اشاعت : 19/09/2015 - 12:27:18

Rlated Stars :