پی ٹی وی ریفرنڈم، مشعل گروپ بازی لے گیا پی ٹی وی نیوز اور ہوم پر نمایاں برتری

پی ٹی وی میں نئی تاریخ رقم کریں گے،اعتماد کے اظہار پر کارکنوں کے شکر گزار ہیں، لیاقت علی تارڑ

جمعہ 9 اکتوبر 2015 23:00

پی ٹی وی ریفرنڈم، مشعل گروپ بازی لے گیا پی ٹی وی نیوز اور ہوم پر نمایاں برتری

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء)پاکستان ٹیلی ویژن کے ریفرنڈم میں مشعل گروپ بھاری اکثریت سے کامیا ب ہو گیا ہے۔پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائزز یونین (مشعل ) نے پی ٹی وی نیوز سینٹر اور پی ٹی وی ہوم پرپھول گروپ کو شکست دے کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔باضابطہ نتائج کے مطابق مشعل گروپ نے 196 ووٹوں کی برتری سے فتح حاصل کی۔مشعل گروپ کی کامیابی کے اعلان کے بعد ملازمین میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔

کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کر کے اور بھنگڑے ڈال کر خوشی کا اظہار کیا۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی ویژن CBA کے نو منتخب جنرل سیکرٹری لیاقت علی تارڑ نے اعتماد کے اس اظہار پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی بقا اور ملازمین کی فلاح ہمارا منشور ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے اس ادارے کی تعمیر و ترقی کے لیے پوری لگن کے ساتھ کوشاں رہنا ہے۔

ہمارے کارکن انتہائی محنتی اور اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہیں۔ ہم انہی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان ٹیلی ویژن کو ایک بار پھر مقبول ترین چینل کی صف میں لا کھڑا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملازمین کا استحصال ہوتا رہا۔گزشتہ تین سالوں سے ملازمین کو چارٹر جیسے بنیادی حق سے دانستہ طور پر محروم رکھا گیا۔ میرٹ کی بجائے من پسند افراد کو نوازہ گیا۔

عام کارکنان کی مراعات پر قدغنیں لگائی جاتی رہیں لیکن سابق یونین نے خاموشی کو ہی غنیمت جانا جو ناقابل فہم اور پی ٹی وی ملازمین کے ساتھ نا انصافی ہے۔ آج کارکنان نے اس نا انصافی کا بدلہ لے لیا ہے۔چارٹر آف ڈیمانڈ ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہیں تاکہ تنخواہوں سمیت دیگر مراعات جو طویل عرصہ سے منجمند ہیں موجودہ مہنگائی کے تناسب سے ان میں اضافہ ہو۔ ہم نے آج ہی سے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔انشا اﷲ پی ٹی وی ملازمین کو جلد ہی محسوس ہو گا کہ ہمارا انتخاب ان کا بہترین اور دانشمندانہ فیصلہ تھا۔

وقت اشاعت : 09/10/2015 - 23:00:52

Rlated Stars :