بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت دی جائے‘ ثقافت کمیٹی کی سفارش۔پمرا اور فلم انڈسٹری کو ایک چھت تلے لایا جائے‘ اجلاس میں زور

منگل 22 جنوری 2008 17:05

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 22. جنوری2008 ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ثقافت نے پاکستانی سینماؤں میں بھارتی فلموں کی نمائش کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے وزارت ثقافت کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلم انڈسٹری کے نمائندوں سے مشاورت کر کے سفارشات تیار کرے اور ایک ہفتے کے اندر سمری وزیراعظم کو منظوری کیلئے بھجوائے -تاہم اس میں ثقافتی اور مذہبی روایات اور قدروں کو مد نظر رکھا جائے-قائمہ کمیٹی نے یہ بھی قرار دیا کہ پمرا کو اصولی طور پر وزٓرت ثقافت کے ماتحت ہونا چاہئے- قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو چیئرمین سینیٹر ظفر اقبال چوہدری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ سیکرٹری ثقافت شاہد رفیع‘ چیئرمین فلم سنسر بورڈ اظفرشفقت فلم انڈسٹری کے نمائندوں میاں امجد فرزند‘ صوبائی وزیر مبشر لقمان‘ جمشید ظفر‘ندیم مانڈی والا‘ زوریز لاشاری‘ سہیل خان‘ چوہدری کامران‘ عمران ممتاز‘ چوہدری خالق اور جمال شاہ نے بھی شرکت کی- اجلاس میں پاکستانی سینماؤں میں بھارتی فلموں کی نمائش کے حوالے سے شرکاء نے اپنا نکتہ نظر پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی اور سینماؤں کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش ضروری ہے کیبل پر بھارتی فلموں کی نمائش جاری ہے تو سینماؤں پر بھی ان فلموں کی نمائش کی اجازت ہونی چاہئے اس سے ایک طرف لوگوں کو تفریح کے مواقع حاصل ہوں گے اور دوسری طرف صحت مند مقابلے کا رحجان پیدا ہو گا شرکاء کی رائے کے بعد پاکستان سینماؤں میں بھارتی فلموں کی نمائش کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے وزارت ثقافت کو ہدایت کی گئی کہ وہ سینما مالکان ‘فلم ڈسٹری بیوٹرز اور اس سے متعلقہ دیگر شعبوں کے نمائندوں سے مشاورت کر کے سفارشات تیار کرے اور ایک ہفتہ کے اندر سمری تیار کر کے وزیراعظم کو منظوری کیلئے بھجوائے اجلاس میں کہا گیا کہ فلم سنسٹر بورڈ میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے دو ارکان کو بھی شامل کیا جائے جبکہ قومی اسمبلی کی تشکیل کے بعد وہاں سے بھی دو ارکان کو فلم سنسٹر بورڈ میں نمائندگی دی جائے جس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی ظفر اقبال چوہدری نے اس پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی- کمیٹی نے اس خیال کو مسترد کر دیا کہ صرف حکومتی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے فلم انڈسٹری بحران کا شکار ہے اور کہا ہے کہ اچھی فلمیں بزنس حاصل کر رہی ہیں جس کا بڑا ثبوت فلم خدا کیلئے ہے فلم انڈسٹری کو چاہئے کہ وہ اچھے موضوعات پیش کرے اور تکنیکی ترقی پر توجہ دی جائے ماضی میں اچھی فلمیں بننے کے باعث بھارتی فلمیں پاکستان فلم انڈسٹری کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں کمیٹی نے واضح کیا کہ پمرا اور فلم انڈسٹری کو ایک چھت کے نیچے لایا جائے اور اس حوالے سے قوانین کو بہتر بنایا جائے اصولی طور پر پمرا کو وزارت ثقافت کے ماتحت ہونا چاہئے-سیکرٹری ثقافت شاہد رفیع نے اجلاس کو بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت بھارتی فلمیں وی سی آر ‘ سی ڈیز ‘ڈی وی ڈیز اور کیبل نیٹ ورک کے ذریعے پہلے ہی ملک بھر میں دیکھی جا رہی ہیں اجلاس کے بعد این این آئی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ظفر اقبال چوہدری نے کہا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد سمیت عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ ملک کے سینماؤں میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت دی جائے کمیٹی نے اس حوالے سے وزارت ثقافت کو ہدایات جاری کر دی ہیں کمیٹی کے اس فیصلے سے یقینی طور پر پاکستانی فلمسازوں کو بھی بھارت جیسی بڑی فلمی مارکیٹ میسر آئے گی توقع ہے جاں وہ اپنی بہترین اردو اور پنجابی فلموں کی نمائش کر سکیں گے-
وقت اشاعت : 22/01/2008 - 17:05:27

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :